Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات

پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی  موجود تھے۔
پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سرکاری دورے کے دوران جمعرات کو ایران کے صدر مسعود  پزشکیان سے ملاقات کی ہے۔
ایرانی نیوز ایجسنی ارنا کے مطابق ملاقات میں پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر موجود تھے۔
اس سے قبل آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے ماتحت ’خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر‘ کا دورہ کیا  تھا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے اس موقعے پر انہوں نے خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ کے خاتمے کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر بریفنگ دی۔
ملاقات کے دوران پاکستانی آرمی کمانڈر نے خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر کو جنگ کے خاتمے کے فریم ورک کے تحت اب تک کیے گئے اقدامات اور تہران میں ہونے والی اپنی حالیہ بات چیت کے بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے یہ کوششیں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔
پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بدھ کو ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ایرانی دارالحکومت تہران پہنچے تھے۔ اس دورے کا بنیادی مقصد امریکہ اور ایران کے درمیان تعطل کا شکار مذاکراتی عمل کو دوبارہ شروع کروانے کے لیے ثالث کا کردار ادا کرنا ہے۔
 تہران میں پارلیمانی سپیکر محمد باقر قالیباف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان بھی اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، دوطرفہ دفاعی تعاون اور جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیئر: