تہران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پارلیمانی سپیکر محمد باقر قالیباف کی ملاقات
جمعرات 16 اپریل 2026 13:46
ایران کے پارلیمانی سپیکر محمد باقر قالیباف اور پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان تہران میں ملاقات ہوئی جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال، دوطرفہ دفاعی تعاون اور جاری سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کروانے کے سلسلے میں پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے ایک وفد کے ہمراہ بدھ کو ایرانی دارالحکومت تہران پہنچے تھے۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تہران کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلٰی حکام نے استقبال کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ تہران ثالثی کی کوششوں کی حصہ ہے، پاکستانی وفد میں دیگر اعلٰی حکام کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود ہیں۔‘
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کروانے کے سلسلے میں ایرانی قیادت سے بات چیت کے لیے تہران پہنچے ہیں۔
اپنی آمد کے فوراً بعد انہوں نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایران کے ایک وفد سے بات چیت کی۔
اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی حکام بھی موجود تھے۔ دونوں وفود نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے ممکنہ دُوسرے دور سے متعلق گفتگو کی تھی۔