خانہ کعبہ کی دیکھ بھال کا عمل مکمل، ’کسوہ‘ کو تین میٹر اوپر اٹھا دیا گیا
34 ماہر کاریگروں کی ایک خصوصی ٹیم نے تقریبا دو گھنٹے میں مکمل کیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی دیکھ بھال کے امور جنرل اتھارٹی نے حج 2026 کے انتطامات کےلیے سنیچر کو غلاف کعبہ (کسوہ) کے نچلے حصے کو تین میٹر تک اٹھانے کا عمل مکمل کر لیا۔
ایس پی اے کے مطابق یہ کام 34 ماہر کاریگروں کی ایک خصوصی ٹیم نےتقریبا دو گھنٹے میں مکمل کیا۔
خصوصی ٹیم نے ایک منظم پروٹوکول کے تحت غلاف کعبہ کے نچلے حصوں کو کھول کر اسے تین میٹر تک اوپر اٹھایا، کعبے کے چاروں اطراف دو میٹر چوڑا سفید کپڑا باندھ دیا گیا۔
یہ طریقہ کار سالانہ معیاری طریقہ کار کا حصہ ہے، جس کا مقصد غلاف کعبہ کو محفوظ رکھنا اور اسے حج کے دوران بڑی تعداد میں زائرین کی آمد کے باعث ممکنہ نقصان یا رگڑ سے بچانا ہے۔
علاوہ ازیں جنرل اتھارٹی نے اعلی ترین انجینیئرنگ اور تیکنیکی معیار کے مطابق خانہ کعبہ اور حجر اسماعیل کی معمول کی دیکھ بھال کا عمل مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران زائرین کی روانی کو یقینی بنایا گیا۔

دیکھ بھال کے اس عمل میں خانہ کعبہ کی اندرونی چھت اور اطراف کی دیکھ بھال، اس کا تفصیلی معائنہ اورجانچ شامل تھی۔
یہ اقدام بیت اللہ کے تعمیراتی عناصر کو محفوظ رکھنے اور اس کی مسلسل دیکھ بھال کے عمل کا حصہ ہے۔

یاد رہے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل اتھارٹی خانہ کعبہ کی مسلسل دیکھ بھال، اس کے تعمیرانی عناصر کو محفوظ رکھنے کا کام اعلی معیارات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انجام دیتی ہے۔
سعودی حکومت کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ خانہ کعبہ اور اس سے متعلقہ تمام اشیا ہمیشہ خوبصورت اور شاندار شکل نظر آئیں۔
