حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کے مطابق کسوہ کی تیاری کا عمل 7 مراحل پر مشتمل ہوتا ہے جس میں ریشم کی صفائی، رنگائی، خودکار بنائی، قرآنی آیات کی طباعت، سلائی، سنہری و نقرئی دھاگوں سے کڑھائی اور معیار کی جانچ شامل ہے۔
مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے غلاف (کسوۃ) کی تبدیلی کے لیے 154 سعودی فنی کارکنوں پر مشتمل ٹیم ہے۔
قصة مراحل صناعة #كسوة_الكعبة_المشرفة، في لوحة من الجمال والعناية الفائقة والجودة، إرث يمتدد لـ 100 عام من التشريف. pic.twitter.com/nGZw6jGNtG
— الهيئة العامة للعناية بشؤون الحرمين (@AlharamainSA) June 25, 2025
غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے مخصوص معیار کے مطابق پانی میں ریشم کو دھویا جاتا ہے پھر سیاہ رنگ چڑھایا جاتا ہے۔ جدید مشینوں کی مدد سے ایک میٹر کپڑا تیار کرنے کے لیے 9900 ریشمی دھاگوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
ریشمی کپڑے پر قرآن پاک کی آیات کو نہایت باریکی سے تیار کیا جاتا ہے جس کے بعد اس پر سنہری اور چاندی کا پانی چڑھے دھاگوں سے آیات اور نقش و نگار کو نمایاں کیا جاتا ہے۔ تمام ٹکڑوں کو آپس میں جوڑ کر مکمل غلاف (کسوۃ) تیار کیا جاتا ہے جس میں مختلف قرآنی آیات اور نقش و نگار کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ ڈیزائن کئے جاتے ہیں۔

ہر مرحلے کے مکمل ہونے کے بعد معیار کی سخت جانچ کی جاتی ہے تاکہ کسی قسم کی خامی باقی نہ رہے۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب ہر سال یکم محرم کو ادا کی جاتی ہے۔
واضح رہےغلاف کعبہ کی تبدیلی ایک روایت ہے جو صدیوں سے جاری ہے اور سعودی حکومت کسوہ الکعبہ کی تیاری اور تبدیلی کے کام کو نہایت اہتمام کے ساتھ انجام دیتی ہے۔