Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرآن میوزیم میں خانہ کعبہ کے دروازے کا ماڈل توجہ کا مرکز

اصل دروازہ 1979 میں خالص سونے سے تیار کیا گیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع قرآن کریم میوزیم میں خانہ کعبہ کے دروازے کے ماڈل کی نمائش کی جا رہی ہے جو اسلامی تہذیب میں فنی خوبصورتی اور روحانی اقدار کے امتزاج کی ایک نمایاں مثال کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق کعبے کے دروازے کے اس ماڈل پر عربی رسم الخط میں اسلامی نقوش کے ساتھ قرآنی آیات کو کنندہ کیا گیا ہے۔
اصل دروازہ مرحوم شاہ خالد بن عبدالعزیز آل سعود کے دورِ حکومت سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ 1399 ہجری (1979 عیسوی) میں خالص سونے سے تیار کیا گیا تھا۔ اس میں باریک نقوش اور خوبصورت اسلامی کندہ کاری شامل ہے، جس میں قرآنِ مجید کی آیات بھی درج ہیں، جو اس کے ڈیزائن کا اہم حصہ ہیں۔ یہ تمام خصوصیات خانہ کعبہ کے مقام اور اس کی حرمت کو مسلمانوں کے دلوں میں اجاگر کرتی ہیں۔
نمائش میں موجود یہ نقل عربی خطاطی کی خوبصورتی کو اجاگر کرتی ہے جو تاریخی طور پر قرآنِ مجید کی کتابت سے وابستہ سب سے اہم اسلامی فنون میں سے ایک ہے۔ کندہ کی گئی آیات کو ایک متوازن انداز میں ترتیب دیا گیا ہے جو ڈیزائن کی باریکی اور کاریگری کی مہارت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کے ساتھ پھولوں اور جیومیٹریکل نقوش بھی شامل ہیں جو متن کے گرد بنائے گئے ہیں اور اسے ایک منفرد بصری گہرائی عطا کرتے ہیں۔
حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا میوزیم دراصل مکہ میں جامع علمی و سیاحتی مرکز کی حثیت کا حامل ہے جہاں انتظامیہ کی جانب سے اسلام کے ابتدائی ادوار کی مرحلہ وار اس طرح عکاسی کی گئی ہے کہ زائرین خود کو چند لمحات کے لیے ان ہی ادوار میں محسوس کرتے ہیں۔

 

شیئر: