’ملین ریال مینیو‘ کا آغاز 28 اپریل سے ہوگا: جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی چیئرمین کا اعلان
جمعرات 23 اپریل 2026 8:29
ترکی آل الشیخ نے کہا کہ پروگرام گلوبل فارمیٹ ’ملین پاؤنڈ مینیو‘ کا سعودی ورژن ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (جی ای اے) کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے اعلان کیا ہے کہ ’ملین ریال مینیو‘ کے سعودی ایڈیشن کا آغاز 28 اپریل سے ایم بی سی شاہد پلیٹ فارم اور ایم بی سی ون چینل کے تعاون سے ہوگا جسے ریاض سیزن کی بھی حمایت حاصل ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ترکی آل الشیخ نے کہا کہ پروگرام گلوبل فارمیٹ ’ملین پاؤنڈ مینیو‘ کا سعودی ورژن ہے جسے سعودی کمپنی بِگ ہاؤس اور آئی ایم پی نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے اور انہیں سونی پکچرز ٹیلی وژن کا تعاون حاصل ہے جو مملکت میں ورلڈ کلاس معیار کے مواد کی فراہمی کی عکاسی کرتا ہے۔
اس پروگرام میں 14 امیدوار آٹھ اقساط پر مبنی مقابلے میں حصہ لیں گے جو تفریح اور کاروبار کا امتزاج ہوگا۔ اس میں شامل امیدوار مشرق وسطیٰ کے فوڈ اور ریستوران سیکٹر کے بڑے سرمایہ کاروں کے سامنے اپنے آئیڈیاز پِچ کریں گے تاکہ وہ اپنا ریستوران کھولنے کا خواب پورا کر سکیں۔
ملین ریال مینیو گلوبل پروگرام ملین پاؤنڈ مینیو کا سعودی ورژن ہے۔ یہ شو دنیا بھر میں کے فوڈ اور ریسٹورینٹ انڈسٹری کاروباری شوز میں ایک بڑا شو ہے۔
اس سے قبل اس کا اعلان جنوری میں کیا گیا تھا اور امیدواروں کو موقع فراہم کیا گیا تھا کہ وہ اپنے آئیڈیا انویسٹرز کے سامنے پیش کریں تاکہ وہ اپنے منصوبوں کے لیے مالی تعاون حاصل کر سکیں اور انہیں مملکت میں اصلی ورلڈ کلاس برینڈز میں تبدیل کر سکیں۔
