یمن تنازع: ایک ہزار 750 قیدیوں کی رہائی کے معاہدے پر دستخط کا اعلان
سات سعودیوں سمیت اتحادی افواج کے 27 قیدی معاہدے میں شامل ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
اتحادی فوج کی مشترکہ کمانڈ کے سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے تمام یمنی فریقین اور اتحادی افواج کے ایک ہزار 750 قیدیوں اور زیر حراست افراد کی رہائی کے معاہدے پر دستخط کا اعلان کیا ہے۔
معاہدے میں سات سعودی قیدیوں سمیت اتحادی افواج کے 27 قیدی اور زیر حراست افراد کی رہائی شامل ہے۔
ایس پی اے کے مطابق میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا’ معاہدے پر جمعرات 14 مئی 2026 کو اردن کے دارالحکومت عمان مں یمنی فریقین کی شرکت کے ساتھ اتحادی فورسز کی مذاکراتی کمیٹی کی موجود گی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی کے دفتر کی سرپرستی میں دستخط کیے گئے۔‘
میجر جنرل ترکی المالکی کا کہنا تھا’ قیدیوں اور زیر حراست افراد کا معاملہ ایک انسانی مسئلہ ہے۔‘
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی ہنس گرنڈ برگ کا کہنا ہے’ یمنی فریقین نے اردن میں 14 ہفتے سے جاری مذاکرات کے بعد ایک ہزار 600 قیدیوں کو رہا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔‘
ہنس گرنڈ برگ نے اسے جنگ شروع ہونے کے بعد قیدیوں کی رہائی کا سب سے بڑا معاہدہ قرار دیا ہے۔
