پاکستانی عازمین کی سعودی عرب آمد 21 مئی کو مکمل ہوگی، 91 ہزار پہنچ گئے
حرم ٹرانسپورٹ کے تحت 416 بسیں سفری سہولتوں کے لیے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
پاکستانی عازمین حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے، سنیچر 16 مئی تک 91 ہزار سے زیادہ عازمین سعودی عرب پہنچ گئے۔
ان میں 86 ہزار سے زائد عازمین حج مکہ مکرمہ جبکہ 5 ہزار مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بیان میں کہا’ پرائیویٹ سکیم کے ذریعے اب تک 26 ہزارعازمین حج سعودی عرب پہنچے ہیں۔‘
’21 مئی تک مزید 106 حج پروازیں پاکستانی عازمین کو سعودی عرب پہنچیں گی۔‘
ترجمان نے بتایا’ حرم ٹرانسپورٹ کے تحت 416 بسیں سفری سہولتوں کے لیے مختص ہیں جبکہ عازمین حج کی رہنمائی کے لیے حرم کے اطراف میں درجنوں گائیڈز تعینات ہیں۔‘

پاکستان حج مشن کے تحت کال سینٹر، گمشدگی و بازیابی، خوراک، رہائش، ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبہ جات عازمین کو خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل ہے۔
عازمین حج کی رہنمائی کے لیے مکہ اور مدینہ میں ٹول فری ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے’ پاکستان حج میڈیکل مشن کے تحت 367 ڈاکٹر اور طبی عملہ عازمین حج کی خدمت کے لیے تعینات ہے۔‘
