’حجاج کی خدمت اعزاز‘ شاہ سلمان کی دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد
شاہ سلمان نے حجاج کے مناسک اور عبادات کی قبولیت کے لیے بھی دعا کی (فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بدھ کو دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے حج سیزن میں حرمین شریفین اور عازمین حج کی خدمات کے اعزاز پر اظہار تشکر کیا۔
آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے پیغام میں شاہ سلمان نے کہام کہ ’ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں حرمین شریفین کی خدمت اور اس کے مقدس گھر کے زائرین کی دیکھ بھال کا شرف بخشا۔‘
انہوں نے حجاج کے مناسک اور عبادات کی قبولیت کے لیے بھی دعا کی۔
شاہ سلمان نے کہا ’عیدالاضحی کی آمد پر ہم مملکت کے عوام اور پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اللہ سے دعا گو ہیں کہ وہ اس مبارک موقع کو امت مسلمہ اور پوری دنیا کے لیے خیر، امن اور استحکام کا ذریعہ بنائے۔‘
بیان کے اختتام پر شاہ سلمان نےاس خواہش کا اظہار کیا کہ آپ سب ہر سال خیریت سے رہیں۔
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے مطابق حج 2026 میں حجاج کی کل تعداد 17 لاکھ 7 ہزار 310 (1.7 ملین) تک پہنچ گئی۔ یہ تعداد گزشہ برس سے 2.04 فیصد زیادہ ہے۔
بیرون مملکت سے 15 لاکھ 46 ہزار 655 حجاج مختلف راستوں سے سعودی عرب آئے جبکہ داخلی حجاج جن میں شہری اور رہائشی شامل ہیں، کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 646 رہی۔
