Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیا: لڑکیوں کے سکول کے ہوسٹل میں آتشزدگی سے کم از کم 15 طالبات ہلاک

2024 میں بھی ایک پرائمری سکول میں آگ لگنے سے 21 طلبہ ہلاک ہو گئے تھے: فوٹو اے ایف پی
کینیا میں حکام کے مطابق وادیِ رفٹ کے ایک قصبے میں لڑکیوں کے سکول کے ہوسٹل میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم 15 طالبات ہلاک ہو گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق اتمیشی گرلز اکیڈمی سینیئر سکول کے ہوسٹل میں آگ کے نتیجے میں متعدد طلبات زخمی بھی ہیں تاہم آگ لگنے کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہو سکا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق مقامی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی فوٹیج میں ٹوٹی ہوئی کھڑکیاں اور دھوئیں سے سیاہ دیواریں دیکھی جا سکتی ہیں۔
سینئر پولیس افسر موسد موینی نے صحافیوں کو بتایا کہ تقریباً 50 اہلکار سکول کے اطراف میں ان ممکنہ طالبات کی تلاش میں مصروف ہیں جو آگ لگنے کے بعد خوف و ہراس کے باعث رات کی تاریکی میں وہاں سے نکل گئی تھیں۔
خیال رہے کہ کینیا میں سکولوں میں آگ لگنے کے واقعات کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق صرف 2018 میں سرکاری سیکنڈری سکولوں میں آگ لگانے کے 60 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
2024 میں بھی قریبی نیئری کاؤنٹی کے ایک بورڈنگ پرائمری سکول میں آگ لگنے سے 21 طلبہ ہلاک ہو گئے تھے، تاہم اس واقعے کی وجہ بھی حتمی طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

شیئر: