Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں دورانِ پرواز طیارہ ’ہائی جیک‘ کرنے کی کوشش، ہنگامی لینڈنگ کے بعد مسافر گرفتار

حکام کے مطابق ’طیارے میں سوار مسافر مبینہ طور پر روسی زبان میں شور شرابہ کر رہا تھا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں ’یونائیٹڈ ایئرلائنز‘ کی پرواز کے دوران مبینہ طور پر کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر لینڈ کرانا پڑا۔
امریکی نیوز چینل ’این بی سی‘ کے مطابق ’یونائیٹڈ ایئرلائنز‘ کی پرواز یو اے 2005 شکاگو کے اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منی ایپولس کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
دورانِ پرواز ایک ’بے قابو‘ مسافر کے جارحانہ رویے کے باعث پرواز کا رُخ تبدیل کر کے طیارے کو وسکونسن کے ڈین کاؤنٹی ریجنل ایئرپورٹ پر اتار دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق نامعلوم مسافر مبینہ طور پر روسی زبان میں شور شرابہ کر رہا تھا اور اس نے کاک پٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر طیارے میں موجود عملے اور دیگر افراد کے ساتھ اُس کی ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
واقعے کے دوران پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ’سکواک کوڈ 7500‘ ارسال کیا، جو طیارے کے ممکنہ ہائی جیک ہونے یا ہائی جیکنگ کی کوشش کی نشان دہی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو حراست میں لے لیا۔
ایئرلائن کے مطابق ’پرواز میں 147 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے اور خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔‘
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ مسافر کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق مشتبہ شخص کی گرفتاری کے بعد فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔

شیئر: