حوثیوں کے کسی بھی حملے کا پوری طاقت سے جواب دیں گے: ترجمان عرب اتحاد
حوثی ملیشیا نے سعودی مفادات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔(فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد نے کہا ہے کہ’ یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے مملکت کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش سے ’غیر معمولی عزم اور طاقت‘ کے ساتھ نمٹا جائے گا۔‘
ایس پی اے کے مطابق ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ ’سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حالیہ بیانات محض برادر یمنی عوام کے خلاف ان کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔‘
ترجمان نے بیان میں حوثی ملیشا کے حالیہ دھمکیوں کو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا۔
انہوں نے کہا ’عرب اتحاد، سعودی عرب، اس کے شہریوں، رہائشیوں اور قومی اثاثوں کو نشانہ بنانے یا یمن کی خود مختاری کی خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش کا ’غیر معمولی عزم اور قوت‘ کے ساتھ جواب دے گا۔‘
ترجمان کے مطابق حوثی ملیشیا نے جمعے کو سعودی ائیرپورٹس، زمینی اور بحری اہم مفادات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ’حوثی اپنے اقدامات کے ذریعے یمنی عوام کو تکلیف پہنچا رہے ہیں۔‘
یاد رہے کہ سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد 2004 میں دارالحکومت صنعا پر حوثیوں کے قبضے کے بعد سے یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی قانونی حثیت بحال کرنے کے لیے لڑ رہا ہے۔
