Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمر سیزن: جدہ کے گرینڈ پارکس تفریحی اور سماجی مقامات میں تبدیل

یہ پارک معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
جدہ کے گرینڈ پبلک پارکس موسمِ گرما 2026 کے دوران رہائشیوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد کو متوجہ کر رہے ہیں۔ یہ پارک تفریحی اور سماجی سرگرمیوں کے لیے مرکزی مقامات میں تبدیل ہوگئے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں قائم یہ پارکس وسیع سبز مقامات اور مربوط تفریحی سہولتوں کی پیشکش کر رہے ہیں، یہ پارک نہ صرف تفریح کے لیے بہترین ذریعہ ہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافے کا باعث ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق جدہ شہر کے پارکوں میں ’پرنس ماجد پارک‘ ممتاز مقام کا حامل ہے، یہ پارک الربوہ کے علاقے میں واقع ہے، اس کا مجموعی رقبہ ایک لاکھ 30 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہے۔
پارک میں وسیع علاقے پر سبزہ زار وہاں آنے والوں کو سکون  اور تازگی کا احساس فراہم کرتا ہے، پارک میں بچوں کے لیے پلے ایریا اور واکنگ ٹریکس بھی بنائے گئے ہیں۔

دوسرا بڑا پارک ’حدائق السجی‘ ہے، یہ 60 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ یہاں واک ویز، سائیکنگ کے لیے مخصوص راستے، بچوں کے لیے جھولے اور سرسبز مقامات اس کی خوبصورتی  میں اضافے کا باعث ہیں۔
شہر کے مشرقی حصے میں ’الاجواد پارک‘ کا شمار بھی بڑے پارکوں میں ہوتا ہے، یہ 70 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اس میں ایک کلومیٹر طویل واکنگ اور سائیکلنگ ٹریک بنائے گئے ہیں جبکہ بچوں کے لیے پلے ایریا کا بھی خصوصی اہتمام موجود ہے۔

موسمِ گرما کے دوران ان پارکوں میں مقامی شہری اور یہاں مقیم غیرملکیوں کے علاوہ دیگر شہروں سے آنے والے وزیٹرز بھی یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں موجود پارک علاقے کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

 

شیئر: