رواں برس کے پہلے چھ ماہ میں سعودی ہلال احمر نے سات لاکھ سے زائد افراد کی تربیت کی
خصوصی تربیت کے شعبے میں اتھارٹی نے 124 میڈیکل کورسز منعقد کیے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران مملکت بھر میں 31 ہزار 797 سے زائد تربیتی کورسز کا انعقاد کیا جن سے سات لاکھ 6 ہزار 103 سے زائد افراد نے فائدہ اٹھایا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ کورسز ابتدائی طبی امداد کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور کمیونٹیز و طبی ماہرین کی تیاریوں کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
خصوصی تربیت کے شعبے میں اتھارٹی نے 124 میڈیکل کورسز منعقد کیے جن میں دو ہزار 966 طبی عملے نے شرکت کی۔ ان پروگراموں میں دل اور پھیپھڑوں کو دوبارہ بحال کرنے کی تربیت، قدرتی آفات سے نمٹنے، بنیادی اور جدید لائف سپورٹ، حادثاتی چوٹوں کے دوران زندگی بچانے کی امداد، طبی امداد کے پروٹوکول اور ہنگامی طبی خدمات کی گاڑیوں کو محفوظ طریقے سے چلانے جیسے جدید اور منظور شدہ کورسز شامل تھے۔
ان کورسز کا مقصد طبی امداد کے عملے کی صلاحیتوں کو بڑھانا اور ہنگامی طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا تھا۔
یہ نتائج اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے اتھارٹی کے مستقل عزم کو ظاہر کرتے ہیں جن میں ابتدائی طبی امداد کے علم کو پھیلانا، معاشرے کی تیاریوں کو بہتر بنانا، طبی عملے کو مزید قابل بنانا اور مختلف شعبوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینا شامل ہے تاکہ زندگی کے معیار کو بہتر بنانے اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کو پورا کرنے میں مدد مل سکے۔
