Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم ورلڈ لیگ کے سربراہ کا مسلح حملے کا نشانہ بننے والی نیوزی لینڈ کی مسجد کا دورہ

مارچ 2019 میں ایک مسلح شخص نے دو مسجدوں پر حملے کیے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مسلم ورلڈ لیگ (رابطہ عالم اسلامی) کے سیکریٹری جنرل شیخ محمد العیسیٰ نے پیر کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں واقع النور مسجد کا دورہ کیا۔
عرب نیوز کے مطابق یہ وہی مسجد ہے جہاں مارچ 2019 میں جمعے کی نماز کے دوران ایک مسلح شخص نے مہلک حملہ کیا تھا۔
یہ ان دو عبادت گاہوں میں سے ایک تھی جن کو ایک ہی حملہ آور نے نشانہ بنایا تھا، دوسری عبادت گاہ کا نام لِن وڈ اسلامک سینٹر تھا اور وہ قریب ہی واقع تھی۔
ان حملوں میں مجموعی طور پر 51 افراد جان سے گئے تھے۔
شیخ محمد العیسیٰ جو تنظیم علمائے مسلمین کے چیئرمین بھی ہیں، نے حملے میں بچ جانے والے افراد اور نشانہ بن جانے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر انہوں نے دنیا بھر میں نفرت پر مبنی نظریات کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھنے اور رواداری، باہمی ہم آہنگی، بقائے باہمی اور سماجی یکجہتی کے فروغ کے لیے مسلم ورلڈ لیگ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ 
دورے کے دوران مسجد کے انتظامی حکام کا کہنا تھا کہ نمازیوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کے بعد مسجد کی توسیع و تعمیر نو کے علاوہ لیکچر اور ڈائیلاگ ہال کے قیام کی بھی ضرورت ہے۔
مسلم ورلڈ لیگ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شیخ محمد العیسیٰ نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان سہولتوں کی فراہمی کے لیے پورا تعاون کریں گے۔
اس سے ایک روز قبل شیخ محمد العیسیٰ نے آکلینڈ میں زیرِ تعمیر اسلامک سینٹر کا دورہ بھی کیا اور وہاں ’اولیو ٹری آف پیس‘ مہم کی شجرکاری کی تقریب میں شرکت بھی کی۔
اتوار کو انہوں نے جامع مسجد المصطفیٰ کا دورہ بھی کیا جو نیوزی لینڈ کی سب سے بڑی مسجد ہے۔
اس موقع پر انہوں نے ساؤتھ آکلینڈ مسلم ایسوسی ایشن کے عہدیداروں، حفظ قرآن پروگرام کے طلبہ اور فیڈریشن آف اسلامک ایسوسی ایشنز آف نیوزی لینڈ کے سینیئر ارکان سے ملاقات بھی کی۔
اسی طرح جمعے کو شیخ محمد العیسیٰ نے آکلینڈ میں الرحمان مسجد کا افتتاح بھی کیا اور وہاں پہلا خطبہ بھی دیا۔

شیئر: