سعودی کابینہ: خلیجی اتحادیوں کی سپورٹ کا اعادہ، علاقائی کشیدگی کے خاتمے پر زور
منگل 21 جولائی 2026 18:51
کابینہ نے ایرانی جارحیت کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت جدہ میں ہوا، جس میں علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی سکیورٹی اور امن پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے کویت، بحرین اور اردن کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔ ایرانی جارحیت کو بین الاقوامی قانون اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔
خطے اور اس کے عوام کے استحکام اور سکیورٹی کے لیے ہر قسم کی فوجی کشیدگی کو روکنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اجلاس کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور لبنان کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطے سے آگاہ کیا گیا، جس میں مملکت کی جانب سے لبنان کی سپورٹ،علاقائی استحکام اور امن کو فروغ دینے کے حوالے سے کوششوں کو سراہا گیا۔
کابینہ نے حوثی ملیشیا کی جانب سے بے بنیاد دعوے اور الزامات کی سخت مذمت کی، اپنے مذموم ایجنڈے اور مقاصد کے لیے علاقائی تنازعات میں حوثیوں کے ملوث ہونے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ان اقدامات سے یمنیوں کے مصائب میں مزید اضافہ ہوا جبکہ علاقائی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔
کابینہ کنے یمنی عوام اور ان کی قانونی حکومت کے لیے سعودی عرب کی مسلسل سپورٹ کا اعادہ کیا۔ بین الاقوامی قانون اور 1982 کے اقوام متحدہ کے بحری قانون کے کنونشن کے مطابق اپنی سکیورٹی اور بحری جہازوں کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کا عزم ظاہر کیا۔
