سعودی عرب میں ڈسکاؤنٹ سیزن 2026، یکم اگست سے تین ماہ تک ہوگا
منگل 21 جولائی 2026 19:35
تاجر، ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے سیل کے لیے این او سی حاصل کرسکتے ہیں۔( فوٹو: اخبار 24)
سعودی وزارتِ تجارت نے ڈسکاونٹ سیزن 2026 شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جو یکم اگست سے 31 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ تجارتی اشیا کو رعایتی نرخوں پر فروخت کرنے کے لیے کمرشل اداروں کو این او سی حاصل کرنا ہوگا۔
وزارتِ تجارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈسکاونٹ سیزن خاص ہوگا، جس سے دیگر سیزن متاثر نہیں ہوں گے، جن میں رمضان اور عیدین سیل سیزن شامل ہیں۔
وزارت تجارت کے مطابق تاجر اور کمرشل ادارے وزارت کے مخصوص ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے سیلز پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
واضح رہے مملکت میں تجارتی قوانین کے مطابق کوئی بھی کمرشل ادارہ یا دکاندار باقاعدہ این او سی کے بغیر ’سیل‘ کا بورڈ یا نوٹس نہیں لگا سکتا۔
سیل کا نوٹس لگانے کے لیے وزارتِ تجارت سے این او سی حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے، جس میں سیل سے قبل کے نرخ اور سیل کے بعد ہونے والے نرخوں کا اندراج کرانا ضروری ہوتا ہے۔

وزارت نے صارفین کو ہدایت کی کہ وہ اصل سیل پوائنٹ کی نشاندہی کرنے کے لیے بارکوڈ سکین کرکے یہ معلوم کرسکتے ہیں کہ ادارے کو سیل پرمٹ جاری کیا گیا ہے یا نہیں۔ کمرشل ادارے یا دکان کے این او سی کے علاوہ سیل کی نوعیت کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
