’رمضان رعایتی سیل‘ پروگرام کا اعلان، وزارت تجارت نگرانی کرے گی
تجارتی اداروں میں سیل کا آغاز یکم فروری 2026 سے کیا جائے گا۔ (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی وزارت تجارت نے ’رمضان رعایتی سیل‘ کے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ تجارتی اداروں اور آن لائن سٹورز میں سیل کا آغاز یکم فروری 2026 سے کیا جائے گا۔
اخبار24 کے مطابق وزارتِ تجارت کا کہنا ہے’رمضان سیل پروگرام 54 دن پرمحیط ہوگا جس میں عید سیزن شامل ہے۔ اس کا اختتام 26 مارچ کو کیا جائے گا۔‘
وزارت نے تجارتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ این اوسی کے حصول کے لیے وزارت کے پورٹل سے رجوع کریں تاکہ انہیں باقاعدہ اجازت نامے جاری کیے جاسکیں۔
صارفین کی سہولت کے لیے وزارت کی جانب سے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جس کا مقصد جعلی سیل کے اعلانات کا خاتمہ اور صارفین کو حقیقی رعایتی نرخوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔
وزارت کی جانب سے ان اداروں کے بار کوڈ جاری کیے جاتے ہیں جہاں حقیقی سیل لگائی جاتی ہے۔
صارفین کو ہدایت کی گئی کہ حقیقی سیل کی کے لیے بارکوڈ کو سکین کریں تاکہ جعل سازی سے محفوظ رہ سکیں۔
خیال رہے وزارتِ تجارت کی جانب سے رمضان اور عیدین کے مواقع پررعایتی سیل کے لیے تجارتی اداروں کو باقاعدہ این او سی جاری کیے جاتے ہیں جس کےلیے مقررہ ضوابط کو فالو کرنا ضروری ہوتا ہے۔
وزارت این اوسی جاری کرنے سے قبل سیل سے قبل کے نرخ اور سیل کے بعد فرق کا جائزہ لیتی ہے، اگر سیل کا اعلان فرضی کیا گیا ہو تو وزارت کی جانب سے این اوسی جاری نہیں کیا جاتا۔
