جاپانی وزیر خارجہ سعودی عرب اور عمان کا سرکاری دورہ کریں گے
شہزادہ فیصل بن فرحان سمیت اہم حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے( فوٹو: عرب نیوز)
جاپان کے وزیر خارجہ توشیمیتسو موتیگی کا 17 سے 22 اگست تک سعودی عرب اور عمان کا سرکاری دورہ شیڈول ہے۔
عرب نیوز نے وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا جاپانی وزیر خارجہ مشرق وسطی کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سمیت اہم حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
موتیگی، یمن کی صدراتی قیادت کونسل کے چیئرمین رشاد العلیمی سے بھی ملاقات کریں گے جو اس وقت سعودی عرب میں ہیں۔
ان ملاقاتوں کا مقصد علاقائی کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا، آبنائے ہرمز اور باب المندب کے ذریعے آزادانہ اور محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانا ہے۔
جاپانی وزیر خارجہ کی دورے کے دوران کئی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات پر بات چیت بھی متوقع ہے۔
