سعودی وزیر کا دورہ جاپان، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
منگل 28 جولائی 2026 21:55
مذاکرات میں علاقائی سکیورٹی سے متعلق خدشات پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور جاپان کے درمیان اعلی سطح کے سفارتی مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی سکیورٹی سے متعلق خدشات پر توجہ مرکوز کی گئی۔
عرب نیوز نے وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی نے جاپان کے سینیئر نائب وزیر برائے خارجہ امور ہیرو یوکی نامازو سے ملاقات کی۔
سعودی، جاپان سٹریٹیجک شراکت داری کے تحت سیاسی امور، سکیورٹی، توانائی، جدید ٹیکنالوجیز، عوامی روابط کے ساتھ نیکسٹ جنریشن انرجی ڈویلپمنٹ، اہم معدنیات، سپیس، ہیلتھ کیئر، تفریح، اکیڈمک اور ریسرچ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
بات چیت میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات کی گئی، جن میں انڈو، پیسیفک، مشرق وسطی خصوصاً بحیرہ احمر کی صورتحال شامل ہے۔
دونوں ملکوں نے مشرق وسطی میں فوری طور پر کشیدگی میں کمی کی ضرورت، آبنائے ہرمز سے آزاد اور محفوظ بحری آمد و رفت کو یقینی بنانے کی اہمیت اور ایران سے متعلق حالیہ کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

علاوہ ازیں جاپانی کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور سے بھی انجینیئر ولید الخریجی نے ملاقات کی۔
جاپانی وزیر نے ایران کے حوالے سے حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کو پہچنے والے نقصان پر ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کا ذکر کیا۔ سٹریٹیجک پارٹنر شپ کونسل اور جاپان، سعودی وزرائے خارجہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ کے ذریعے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔

انہوں نے علاقائی استحکام کو بر قرار رکھنے اور مستحکم عالمی توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں سعودی عرب کے کردار کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی نائب وزیر خارجہ نے سعودی، جاپانی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی حکمت عملی اور سعودی عرب کی جاری سفارتی ثالثی کوششوں سے آگاہ کیا۔
دونوں ملکوں نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
