Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اتوار سے فرانس کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں اتوار کے روز سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا دو روزہ سرکاری دورے پر استقبال کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق اس بات کا اعلان فرانسیسی صدارتی محل ایلیزے پیلس نے ایک بیان میں کیا ہے۔
یہ دورہ دسمبر 2024 میں صدر میکرون کے سعودی عرب کے دورے کے تسلسل میں ہو رہا ہے۔
ایلیزے پیلس کے مطابق، "یہ دورہ سعودی عرب اور فرانس کے درمیان جاری مضبوط مکالمے کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے سٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ اسی مقصد کے تحت صدر میکخواں اور ولی عہد محمد بن سلمان پہلی بار فرانکو-سعودی سٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنما فرانس اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ اور قریبی خطے کی اہم علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو ہوگی۔ بیان کے مطابق ایسے وقت میں فرانس اور خلیجی شراکت داروں کے درمیان قریبی رابطہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔
صدر میکخواں اور ولی عہد محمد بن سلمان اتوار کو ای اسپورٹس ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جو اپنے قیام کے بعد پہلی مرتبہ سعودی عرب سے باہر پیرس میں منعقد ہو رہی ہے۔
ایلیزے پیلس کے مطابق اس عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی اس بات کا ثبوت ہے کہ پیرس 2024 اولمپکس اور پیرا اولمپکس کی کامیاب میزبانی کے بعد فرانس بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے مزید پرکشش مقام بن کر ابھرا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ تقریب اس مشترکہ عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ فرانس اور سعودی عرب کھیل اور ثقافت کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔

شیئر: