Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2027: پاکستانی سرکاری سکیم کا کوٹہ سات دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل

 پرائیویٹ سکیم کے تحت حج واجبات کی وصولی کا آغاز کیا گیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان میں حج 2027 کے لیے سرکاری سکیم کی بکنگ صرف سات دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگئی۔
 پرائیویٹ سکیم کے تحت، حج واجبات کی وصولی کا آغاز کیا گیا ہے۔ پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ مقررہ کوٹہ مکمل ہونے تک جاری رہے گی۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی کہ وہ حج سے متعلق تمام معاملات کے لیے سرکاری طور پر فراہم کردہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ کریں۔
یاد رہے 20 سے 25 روزہ مختصر حج پیکیج کی نشستیں واجبات کی وصولی شروع ہونے کے پہلے چوبیس گھنٹے کے دوران مکمل ہو گئی تھیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کے لیے سرکاری حج سکیم کے تحت واجبات کی وصولی کا عمل 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب شروع ہوا تھا، سرکاری سکیم کی نشستیں مقررہ کوٹے کے مطابق مکمل ہوگئیں۔
حج 2027 کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے جدید ڈیجیٹل حج پلیٹ فارم نے بکنگ اور واجبات کی ادائیگی کے پورے عمل کو آسان، تیز رفتار اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزارت کے ترجمان نے کہا کہ سرکاری حج سکیم کی تمام نشستوں کا ریکارڈ مدت میں مکمل ہونا وزارت اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
 حج آپریشن کو مکمل ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے کا بنیادی مقصد عازمین کو گھر بیٹھے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا، انتظامی امور کو شفاف بنانا اور حج سے متعلق مختلف مراحل کو تیز، آسان اور مؤثر بنانا ہے۔

 

شیئر: