حج 2027: سرکاری سکیم کے تحت 88 ہزار 700 پاکستانی عازمین نے پہلی قسط جمع کرا دی
لانگ حج پیکیج کی صرف 18 500 ہزار نشستیں باقی رہ گئی ہیں ( فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں سرکاری سکیم کے تحت 88 ہزار 700 عازمین نے پہلی قسط کے واجبات جمع کرا دیے۔ لانگ حج پیکیج کی صرف 18 500 ہزار نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سرکاری سکیم کے تحت پہلی قسط جمع کرانے میں پنجاب سرفہرست ہے جہاں 46 ہزار 400 عازمین نے واجبات جمع کرائے۔ سندھ سے 23 ہزار 500 جبکہ خیبر پختونخوا سے 11 ہزار 300 عازمین نے پہلی قسط کی ادائیگی مکمل کرلی۔
اسلام آباد سے 3933، بلوچستان سے 2555، گلگت بلتستان سے 677 جبکہ آزاد کشمیر سے 362 عازمین حج نے پہلی قسط جمع کرائی ہے۔
ترجمان نے بتایا ڈیجیٹل حج پورٹل پر آن لائن ادائیگی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ گزشتہ تین روز میں عازمین کی جانب سے پہلی قسط کی مد میں 55 ارب روپے سے زائد کی رقم وصول کی گئی۔
40 فیصد عازمین نے روایتی بینکنگ کے بجائے ون لنک یا کارڈ کے ذریعے آن لائن ادائیگی کو ترجیح دی۔ بلوچستان سے آن لائن ادائیگی کا رجحان سب سے زیادہ رہا جہاں 72 فیصد عازمین نے ڈیجیٹل طریقے سے حج واجبات جمع کرائے۔

ترجمان نے واضح کیا 40 روزہ حج پیکیج کے لیے مطلوبہ تعداد پوری ہونے کے بعد بکنگ روک دی جائے گی۔
یاد رہے حج 2027 کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ ہے، جس میں 60 فیصد کوٹہ سرکاری جبکہ 40 فیصد نجی حج سکیم کے لیے مختص ہے۔
