اداکارہ پرینیتی چوپڑا کی ویب سیریز ’شک: ٹرسٹ نو ون‘ 24 ستمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز کے لیے تیار
اداکارہ پرینیتی چوپڑا کی ویب سیریز ’شک: ٹرسٹ نو ون‘ 24 ستمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز کے لیے تیار
پیر 7 ستمبر 2026 17:46
’شک‘ ایک ایسی سنسنی خیز اور پراسرار تھرلر سیریز ہے جس میں بظاہر کچھ بھی، اور کوئی بھی، ویسا نہیں جیسا دکھائی دیتا ہے (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
ایک ماں کی اپنے لاپتہ بچے کی تلاش میں نو سالہ جدوجہد اب ایسے سچ سے ٹکرانے والی ہے، جس کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ نیٹ فلکس کی نئی سیریز ’شک: ٹرسٹ نو ون‘ (Shaque: Trust No One) کا پریمیئر 24 ستمبر کو ہوگا۔
بالی وڈ نیوز ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق، یہ ایک ایسی سنسنی خیز اور پراسرار تھرلر سیریز ہے جس میں بظاہر کچھ بھی، اور کوئی بھی، ویسا نہیں جیسا دکھائی دیتا ہے۔
رنسل ڈی سلوا اور سدھارتھ پی ملہوترا کی تخلیق کردہ، رنسل ڈی سلوا کی ہدایت کاری میں بننے والی اور الکیمی فلمز کی پیشکش یہ سیریز اعتماد اور شک، وجدان اور حقیقت، محبت اور جنون کے درمیان موجود نازک حد کو موضوع بناتی ہے۔
سیریز میں مرکزی کردار اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے ادا کیا ہے، جو پہلی مرتبہ کسی ویب سیریز میں نظر آئیں گی۔ وہ ایک ایسی ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں جو اپنے لاپتا بچے کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ لیکن جب بالآخر کچھ جوابات سامنے آنا شروع ہوتے ہیں تو ایک خوفناک سوال جنم لیتا ہے کہ کیا وہ اپنے سب سے قریبی لوگوں پر بھروسا کر سکتی ہے؟
نیٹ فلکس انڈیا کی سیریز ہیڈ تانیا بامی نے کہا کہ ’شک ایک زبردست جذباتی کرائم ڈراما سیریز ہے جس میں تھرلر کے عناصر بھی شامل ہیں، لیکن اس کے مرکز میں ایک ماں کی اپنے بچے کی تلاش میں نو سال کی انتھک جدوجہد کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ یہ کہانی ایک ماں کی تلاش کی جذباتی شدت اور مضبوطی سے بنے ہوئے تھرلر کے تناؤ کے درمیان انتہائی روانی سے آگے بڑھتی ہے۔‘
نیٹ فلکس کے ساتھ اپنی چوتھی پروڈکشن پر پُرجوش تخلیق کار اور پروڈیوسر سدھارتھ پی ملہوترا نے کہا کہ ’مجھے جب رنسل ڈی ڈلوا نے یہ کہانی سنائی تو میں فوراً اس میں کھو گیا۔ اس کی تخلیق کردہ دنیا میں کچھ ایسا تھا جو فوراً میرے ذہن میں گھر کر گیا، اور مجھے معلوم ہوگیا کہ مجھے اس کا حصہ بننا ہے، یہ ایسی کہانی ہے جسے ضرور بیان کیا جانا چاہیے۔‘
ہدایت کار اور شریک تخلیق کار رنسل ڈی سلوا نے کہا کہ ’شک ایک ایسی تھرلر ویب سیریز ہے جس کی بنیاد ہی غیر یقینی پر قائم ہے۔ ہر انکشاف ایک نئے سوال کو جنم دیتا ہے اور ہر رشتے کے پیچھے ایک اور پرت چھپی ہوئی ہے جس سے ابھی پردہ اُٹھنا باقی ہے۔ مجھے سب سے زیادہ جس چیز نے متاثر کیا، وہ یہ موقع تھا کہ ایک ایسی ماں کے انتہائی جذباتی سفر کے ذریعے ایک سنسنی خیز کہانی بیان کی جائے، جس نے نو برس تک ہار ماننے سے انکار کیا۔‘
سیریز ’شک‘ میں مرکزی کردار اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے ادا کیا ہے، جو پہلی مرتبہ کسی ویب سیریز میں نظر آئیں گی (فوٹو: نیوز بائٹس)
ویب سیریز میں اداکارہ پرینیتی چوپڑا کے ساتھ سونی رازدان، انوپ سونی، جنیفر ونگٹ، طاہر راج بھاسین، ہرلین سیٹھی، دھرو چودھری اور سُمیت ویاس بھی اس شاندار کاسٹ کا حصہ ہیں۔
یہ تمام اداکار مل کر ایک ایسی دنیا میں اپنے اپنے کردار ادا رہے ہیں جہاں ہر رشتے کے ساتھ مختلف سوال منسلک ہو جاتے ہیں اور ہر انکشاف اس تصور کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو آپ اب تک حقیقت کے بارے میں قائم کر چکے ہیں۔
’شک: ٹرسٹ نو ون‘ کا پریمیئر 24 ستمبر کو صرف نیٹ فلکس پر ہوگا۔