سعودی عرب سمیت تمام پاکستانی سفارتی مشنز میں آج سے ای پاسپورٹ کا اجرا، ایم آر پی بند
جمعرات 15 اکتوبر 2026 3:09
مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اپنی معیاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
پاکستان میں پاسپورٹ دفاتر کے ساتھ سعودی عرب، خلیجی ممالک سمیت بیرون ملک پاکستانی مشنز نے جمعرات 15 اکتوبر سے ای پاسپورٹ جاری کرنا شروع کر دیے۔ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجرا بند کردیا گیا۔
یاد رہے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے اعلان کیا تھا کہ بدھ 14 اکتوبر تک مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی جبکہ 15 اکتوبر سے صرف ای پاسپورٹ کے لیے درخواستیں قبول ہوں گی۔
تاہم جن افراد کے پاس پرانے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ہیں وہ فوری طور پر ناقابل استعمال نہیں ہوں گے بلکہ اپنی معیاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے پاکستانی پاسپورٹ کو مزید محفوظ اور معیاری بنانے کے لیے جدید ای پاسپورٹ متعارف کرایا ہے تاکہ اسے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) کے معیار سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ تبدیلی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ای گیٹ سہولت کے مؤثر استعمال کی راہ ہموار کرے گی۔
ای پاسپورٹ انتہائی محفوظ سفری دستاویز ہے جس میں الیکٹرانک کانٹیکٹ لیس این ایف سی چپ نصب ہے۔ اس میں شہری کا بائیو ڈیٹا، چہرے کی تفصیل، شناختی نمبر اور ڈیجیٹل دستخط موجود ہیں جبکہ جعلسازی کو روکنے کے لیے خصوصی سکیورٹی فیچرز بھی دیے گئے ہیں۔

ای پاسپورٹ کی فیس
نئے ای پاسپورٹ کی فیس صفحات اور معیاد کی بنیاد پر مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان قونصلیٹ جدہ کی آفیشنل ویب سائٹ کے مطابق پانچ سال کے لیے 36 صفحات کے نارمل ای پاسپورٹ کی فیس 150 ریال جبکہ ارجنٹ کی 250 ریال ہے۔ دس سال کے لیے 36 صفحات کے نارمل ای پاسپورٹ کی فیس 275 ریال اور ارجنٹ کی 445 ریال ہوگی-
پانچ سال کے لیے 72 صفحات کے نارمل ای پاسپورٹ کی فیس 225 ریال جبکہ ارجنٹ کی فیس 370 ریال ہے۔ دس سال کے لیے نارمل ای پاسپورٹ کی فیس 410 ریال اور ارجنٹ کی 665 ریال مقرر کی گئی ہے-
