امریکی ریاست اوریگن کے سکول میں فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک، ’حملہ آور مارا گیا‘
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے سکول کا کنٹرول سنبھال لیا ہے (فوٹو: روئٹرز)
امریکہ کے ایک سکول میں فائرنگ کے واقعے میں کم سے کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق واقعہ ریاست اوریگن کے شہر بینڈ میں واقع سلور ریل ایلیمنٹری سکول میں پیش آیا۔
بینڈ پولیس کی ترجمان شیلا ملر نے تصدیق کی ہے فائرنگ کرنے والا شخص بھی ہلاک ہو چکا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا وہ بھی ہلاک ہونے والے پانچ افراد میں شامل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے قریباً سکول کے باہر فائرنگ کی اطلاع ملنے پر جب اہلکار وہاں پہچنے تو سکول کے اندر سے ہنگامی موصول ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کے سکول کے اندر جانے کے کچھ ہی دیر بعد حملہ آور کو گرتے ہوئے دیکھا گیا جسے گولی لگی تھی، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اسے پولیس نے گولی ماری، کسی اور نے نشانہ بنایا یا پھر اس نے خود کو گولی ماری۔
شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس اہلکاروں نے پورے سکول اور کمروں کی تلاشی لی اور تمام لوگوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا جبکہ اس وقت بھی وہاں سکیورٹی موجود ہے اور قریبی علاقے میں بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
شیلا ملر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر میں ایسا واقعہ کوئی بھی نہیں دیکھنا چاہتا، یہ انتہائی افسوسناک بات ہے۔
آخری اطلاعات تک حملہ آور کی پہچان نہیں ہو سکی تھی جبکہ واقعے کا محرک بھی ابھی سامنے نہیں آیا جبکہ مرنے والوں کے نام بھی ظاہر نہیں کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اوریگن کے محکمہ تعلیم کے مطابق اس سکول میں چار سو 59 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ یہاں کنڈرگارٹن سے پانچویں جماعت تک کے بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے۔ یہ سکول پورٹ لینڈ شہر سے تقریباً 160 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔