سعودی قوانین کی 13 ہزار خلاف ورزیاں، 7 ہزار 934 غیرملکیوں کو واپس بھیجا گیا
ہفتہ 24 اکتوبر 2026 17:14
غیرقانونی تارکین کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا جرم ہے( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی حکام نے ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور بارڈر سکیورٹی کی مزید 13 ہزار 905 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں جبکہ 7 ہزار 934 غیر قانونی تارکین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق ’15 سے 21 اکتوبر 2026 کے درمیان وزارت داخلہ نے مجموعی طور پر 6 ہزار 554 اقامہ قانون، 3 ہزار 865 بارڈر سکیورٹی اور 3 ہزار 486 لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔‘
’غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار 881 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
علاوہ ازیں مزید 32 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا جو سرحد پار کر کے مملکت سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 21 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے اور اس کے لیے مختلف سخت سزائیں مقرر ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے’ جو بھی شخص غیر قانونی تارکین کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرے گا، اسے 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانے کے ساتھ گاڑی اور جائداد کی ضبطی کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘
مکہ اور ریاض میں ٹول فری نمبر 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 یا 996 پر مشتبہ خلاف ورزیوں کی اطلاع دی جا سکتی ہے۔
