اقامہ قوانین کی خلاف ورزی، قید، جرمانے اور بے دخلی کی سزائیں
خلاف ورزیوں پر 12 ہزار 371 فیصلے جاری کیے گئے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے انتظامی کمیٹیوں کے ذریعے ایک ماہ کے دوران (ذو الحجہ 1447) اقامہ، لیبر اور بارڈر سکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر 12 ہزار 371 فیصلے جاری کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ’سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے خلاف مقررہ کارروائی کی گئی۔‘
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ ’خلاف ورزیوں پر قید، جرمانے اور بے دخلی کی سزائیں شامل ہیں۔‘
بیان میں مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا گیا کہ ’وہ اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کو ٹرانسپورٹ، روزگار، رہائش، پناہ، کسی بھی تعاون یا پردہ پوشی سے گریز کریں۔‘
یاد رہے امیگریشن قوانین کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے سپانسر کے علاوہ کسی اور جگہ ملازمت نہیں کرسکتے۔
