Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زرداری اور بلاول میں کوئی اختلاف نہیں،اعتزاز

 لاہور... پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کی نامزدگی کے معاملے پر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو میں کوئی اختلاف نہیں ۔ سلیم مانڈی والا سر فہرست ہیں۔ قیادت نے انہیں ووٹ مانگنے کا اختیار بھی دیدیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر اول تو پیپلز پارٹی کا امیدوار کامیاب ہوگا یا ممکن ہے متفقہ امیدوار کامیاب ہو ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شریف خاندان بر ملا توہین عدالت کا مرتکب ہو رہا ہے لیکن سپریم کورٹ تحمل دکھا رہی ہے ۔ میرایہ کام نہیں کہ عدالت کو مشورہ دوں لیکن اگر عدالت توہین عدالت پر انہیں طلب نہیں کررہی تو ٹھیک ہی کر رہی ہے کیونکہ پھر یہ کہیں گے کہ جج متعصب تھے پہلے ایک کیس میں سزا دی گئی پھر دوبارہ سزا دے رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ یہ کہا جارہا ہے کہ6 مہینے میں کچھ نہیں نکلا تو 2 ما ہ میں کیا نکلے گا ۔ بتانا چاہتا ہوں کہ پراسیکیوشن نے کچھ نہیں نکالنا ہوتا آپ نے تسلیم کیا ہے کہ گھر میں میرا ہے تو آپ نے اس کی منی ٹریل پیش کرنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والے گالم گلوچ پر اترے ہوئے ہیں لیکن میری ذاتی رائے ہے کہ عدالت اجتناب کر کے صحیح کر رہی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شریف خاندان توہین عدالت پر سپریم کورٹ میں طلب کئے جانے یا ٹرائل کورٹ سے فیصلہ خلاف آنے کی صورت میں ہلہ گلہ کرنے کیلئے ٹمپو بنا رہے ہیں ۔ایون فیلڈ ریفرنس میں انہیں ضرور سزا ہو گی۔شریف خاندان کی کوشش ہے کہ جیل کو توڑ کر نکلاجائے ۔
مزید پڑھیں:چیف جسٹس نے اعتزاز پر جرمانہ کردیا
 

شیئر: