Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹ انتخابات میں پیسے کا لین دین ہوا، ریاض کے تارکین

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے حوالے سے کمیونٹی کا ملا جلا ردعمل
ریاض ( ذکاءاللہ محسن) صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی جیت کے حوالے سے اہلیان ریاض کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ پیپلزپارٹی کے ارکان خالد رانا، وسیم ساجد، احسن عباسی، یونس ابو غالب، ملک عبدالکریم اور غلام بنی کا کہنا تھا کہ وہ صادق سنجرانی اور سلیم مانڈوی والا کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین جمہوری اور پارلیمانی روایات کے مطابق جمہوریت کی بالا دستی اورملک کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر شیخ سعید احمد، راشد محمود بٹ اور سجاد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس طرح مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ اور پارٹی کے ساتھ رویہ رکھا جا رہا ہے، وہ انتہائی غیر مناسب ہے۔ اسٹبلشمنٹ کے ساتھ جمہوریت کی نام لیوا پارٹیاں اتحاد کرتی ہیں اور تجربہ کار لوگوں کو پیچھے ہٹا کر نا تجربہ کار لوگوں کو اوپر لایا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف ریاض کے صدر عبدالقیوم خان کا کہنا تھا کہ جمہوری طریقے سے سینیٹ کے الیکشن پر پورے پاکستان کو اور خاص طور پر پسماندہ صوبہ بلوچستان کے لوگوں کو بہت بہت مبارک ہو۔بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مجلس پاکستان کے سیکرٹری جنرل حافظ عبدالوحید کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی تاریخ میں سب سے شرمناک سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔ جس طرح سینیٹ الیکشن اور چیئرمین شپ کے الیکشن میں پیسے کا لین دین ہو ا ہے، اس سے حقیقی معنوں میں جمہوری اقدار کو نقصان پہنچا ہے۔

شیئر: