Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صفیں کج ، دل پریشاں ، سجدے بے ذوق

 مسلمان’’ بہترین امت‘‘ کیسے ہیں ،ہمارا کامل ایمان ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ کے فرمان میں کسی طرح کے شک وشبہ کی کوئی گنجائش نہیں
 
مولانا امداد الحق بختیار قاسمی۔حیدرآباد دکن
 
ایک طائرانہ اور سرسری نگاہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے موجودہ احوال پر ڈالی جائے ۔ برما ہو یا شام ، فلسطین ہو یا افغانستان ، افریقہ ہو یا امریکہ ، عراق ہو یا یمن ، ہر ملک اور دنیا کے ہر خطہ میں مسلم قوم تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہے، پوراکرۂ ارض مسلمانوں کے خون سے رنگین کیا جارہا ہے ۔دنیا کا یہ گھروندہ اور یہ سیارۂ ارضی ہر طرف سے مسلمانوں کی آہ وبکا اور چیخ و پکار سے گونج رہا ہے ، اس دورِظلم و ستم میں مسلمان کا خون سب سے آسان اور ارزاں ہوگیا ہے ، نیز دنیا کے کسی گوشہ سے بھی مسلمانوں کی ہمدردی اور حمایت میں کوئی آواز نہیں اٹھ رہی ۔
ایک منظم اور گہری سازش کے ساتھ دنیا کے ہر آباد خطہ میں امت مسلمہ کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ تمام اقوام عالم نے کوئی ٹھوس اور انتہائی خطرناک معاہدہ اور اتفاق کیا ہو۔جس معاہدہ پر دنیا کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک تمام طاقتیں عمل پیرا نظر آتی ہیں، امت مسلمہ کی جان و مال ، عزت و آبر اور دینی و ملی تشخص سب داؤ پر ہیں ۔مسلمانوں کے اقتصادی ذرائع بھی نشانہ پر ہیں ۔جان بھی خطرے میں ہے ، عزت وآبرو بھی پامالی کی دہلیز پر ہے اور دین ومذہب تو اغیار کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھ رہا ہے۔تمام اقوام عالم نے یک زبان ہو کر دہشت گردی کو اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ جوڑدیا ہے ، جس کی وجہ سے ہر جگہ کے مسلمان شک کی نگاہ سے دیکھے جارہے ہیں ، نیز مذہبی اور جنسی تشدد کے بھی شکار ہورہے ہیں۔
مزید پڑھیں:رحمت للعالمین کی سیرت ، تاریکیوں میں نور مبین
ایک جانب مسلم امت کی پوری دنیا میں یہ بدترین حالت ہے ، جس سے بالکل صاف اور واضح نظر آتا ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ پریشان ، مصیبت زدہ ، بدنام اور پیچھے(Backword) مسلمانوں کے علاوہ کوئی دوسری قوم نہیں ۔ دوسری جانب ہم قرآن کریم میں دیکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے حوالے سے ارشاد فرماتا ہے ’’تم بہترین امت ہو ‘‘۔یعنی دنیا کی سب سے اچھی امت ہو حالانکہ سب سے اچھی امت اسے کہتے جسے دنیا میں عز ت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے، دیگر اقوام جسے نمونہ بنائیں، اس کی پیروی کی جائے، اس کی تہذیب کو اپنایا جائے نیز وہ ایسی امت ہو کہ خوش حالی کی زندگی گزارے ، تمام طرح کی دنیاوی پریشانیوں سے مامون ومحفوظ ہو۔
ان میں سے کوئی چیز بظاہر امت مسلمہ میں دیکھنے کو نہیں ملتی جس کی وجہ سے ذہن میں یہ سوال گردش کرتا ہے کہ مسلمان’’ بہترین امت‘‘ کیسے ہیں؟ جبکہ ہمارا کامل ایمان وراسخ عقیدہ ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ کے فرمان میں کسی طرح کے شک وشبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہو سکتی۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
ومن اصدق من اللہ قیلا ۔
’’ اللہ سے زیادہ سچی بات کس کی ہوگی!‘‘
در اصل یہ جملہ کہ ’’ تم بہترین امت ہو ‘‘اللہ تبارک و تعالیٰ کا دعوی محض نہیں ، بلکہ اس کے ساتھ اللہ تعالی نے ’’ خیر امت ‘‘ کی علت اور اس کا سبب یا کہیے کہ اس کی شرط اور وصف بھی بیان کیا ہے ۔ اب ہمیں غور کرنا چاہیے کہ امت میں یہ وصف باقی ہے یا نہیں، ظاہر ہے کہ اگر اللہ کی طرف سے بیان کردہ شرط امت میں باقی نہ ہو تو یہ امت ’’مقام خیریت ‘‘پر کیسے برقرار رہ سکتی ہے!
مزید پڑھیں:جاپانی خاتون سووی اورا ،خدیجہ بن گئیں
اللہ تعالیٰ نے اپنے مقدس کلام میں اس امت کے ’’بہترین‘‘ ہونے کا راز یہ بیان فرمایا ہے :اخرجت للناس یعنی یہ امت دوسرے لوگوں کے فائدے کے لئے پیدا کی گئی ہے جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ اس امت کو اس دنیا میں اس لئے بھیجا گیا ہے تاکہ وہ تمام انسانیت کی فکر لے کر زندگی گزارے ۔
یہ کتنا ہمہ گیر مفہوم ہے اور اس چھوٹے سے جملہ میں اللہ تعالیٰ نے کتنی بڑی ذمہ داری اس امت کے کاندھے پر ڈالی ہے ۔یہ مختصر سا جملہ پوری زندگی ، پوری انسانیت اور اس کی تمام تر ذمہ داریوں کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ اب غور کریں کہ اس امت میں یہ عنصر اور جذبہ اور اس کی عملی شکل باقی رہی یا نہیں ، یہ آیت ہمیں دعوت محاسبہ دیتی ہے اورزندگی کے صرف چند گوشوں کا محاسبہ نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت محاسبہ کی دعوت دیتی ہے، جو تمام شعبہ ہائے زندگی کو محیط ہو۔
محبت کا جنو ں با قی نہیں ہے
مسلما نو ں  میں خو ں  با  قی  نہیں  ہے
صفیں کج، دل پریشاں، سجدے بے ذوق
کہ  جذ بِ  ا ند ر و ں  با قی  نہیں  ہے
آیت ِ مذکور کا مطلب تو یہ ہے کہ یہ امت اپنے لئے ، اپنی خواہشا ت پوری کرنے کیلئے ، صرف اپنی زندگی جینے کیلئے اور صرف اپنے آپ سے مطلب رکھنے کیلئے پیدا نہیں کی گئی بلکہ اس امت کی خصوصیت یہ ہے کہ تمام اقوام اور مخلوقات اپنی زندگی جینے کیلئے پیدا کی گئی ہیں اور یہ امت دوسروں کی بہبودی کی فکر کیلئے پیدا کی گئی ہے ۔اپنی زندگی تو ایک جانور بھی جی لیتا ہے ۔ اس امت کا امتیاز یہ ہے کہ اسے ایک بڑی ذمہ داری دے کر بھیجا گیا ہے۔ ایک ہمہ گیر ہمہ جہت ذمہ داری  اور  وہ  ہے زندگی کے تمام شعبوں  میں  دیگر لوگوں کی فلاح  و  بہبود کی فکر کرنا۔
اسی روز و شب میں الجھ کر نہ رہ جا
کہ تیرے زمان و مکاں اور بھی ہیں
اور اس سے مراد صرف عبادات کی فکرنہیں ہے بلکہ زندگی کے تمام مراحل کی فکر ہے ۔
اس آیت کے مطابق مسلمانوں کو زندگی کے ہر شعبے میں لوگوں کی خدمت کرنی چاہیے، ان کی صحیح اور کامیاب رہنمائی کرنی چاہیے ، نقصانات اور خسارہ سے انسانوں کو بچانا چاہیے ، نیز آیت پاک میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے’’ لوگوں کے لئے‘‘ ،یہ نہیں فرمایا ’’ مسلمانوں کے لئے ‘‘ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس امت پر صرف مسلمانوں کی ذمہ داری نہیں ڈالی بلکہ تمام اقوام عالم کی کامیاب زندگی کاعظیم فریضہ اس امت کے حوالے کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:معاشروں کی تباہی ، تاریخ کے تناظر میں
یہ بھی مسلمہ حقیقت ہے کہ دنیا کی تمام اقوام کی زندگی کے تمام شعبوں میں خدمت اور رہنمائی کرناتعلیم کے بغیر ممکن نہیں لہذا اس سے یہ نتیجہ بآسانی نکلتا ہے کہ مسلمانوں کو دنیا کے تمام مباح اور جائزعلوم و فنون میں مہارت حاصل کرنی چاہیے کیونکہ اس کے بغیر کسی کی خیر خواہی اور اس کی صحیح رہنمائی اور نقصان سے اسے بچانا ممکن نہیں ۔جب تک مسلمان تعلیم کے میدان میں نمایاں مقام حاصل نہیں کریں گے ،
 وہ ’’ خیر امت‘‘ کا فریضہ ادا نہیں کرسکتے اور ’’اخرجت للناس‘‘کی ذمہ داری سے عہدہ برآ نہیں ہوسکتے۔
اسی کے ساتھ دینی تعلیم کی جانب بھی توجہ انتہائی ناگزیر ہے کیونکہ مسلمانوں کے لئے اسلامی تعلیم وہی حیثیت رکھتی ہے جو حیثیت رو ح کی جسم کے اندر ہے ، جیسے روح کے بغیر جسم ایک لاش ہے ، اسی طرح اسلامی تعلیم کے بغیرمسلمان بھی لاشیٔ ہے یا زندہ لاش کی طرح ہے ۔ مسلمانوں کو اس دنیا میں رہبری اور قیادت کا فریضہ انجام دینا ہے مگر دیگر اقوام کے تہذیبی دھارے میں ضم ہوکر اور ان کے تہذیبی بہائو میں بہہ کر نہیں بلکہ یہ کام اسلامی شناخت اور پہچان کے ساتھ کرنا ہے ، جیسے دنیا کی ہر ٹیم اپنی الگ شناخت کے ساتھ کام کرتی ہے۔ رضا کارانہ خدما ت انجام دینے والے اداروں کے ممبران کی مستقل پہچان ہوتی ہے ،فوج کی الگ پہچان ہوتی ہے ، ڈاکٹرس کی الگ پہچان ہوتی ہے ، یعنی جتنی ذمہ دار جماعتیں ہیں ان کی ایک الگ شناخت ہوتی ہے۔
اس طرح مسلمان عام لوگ نہیں بلکہ ایک ذمہ دار ملت ہے اور اس کی ذمہ داری ہمہ گیر بھی ہے ،جہت اور دائمی بھی لہٰذا مسلمان کا اند ر ون بھی اسلامی تعلیمات سے ، اخلاق سے اور عقائد سے پاکیزہ ہونا چاہیے اور ظاہری وضع قطع بھی۔ اسلامی تعلیمات کے ساتھ آراستہ ہو ۔ دیکھنے والے کو ایک مسلمان ہر اعتبار سے ممتاز لگے ظاہر سے ، اخلاق سے ، معاملات سے اور شب روز کے معمولات سے دیکھتے ہی معلوم ہو کہ یہ کوئی مسلمان ہے اور ہم دنیا کے اس سفر میں ایسی خوب صورت مثال قائم کریں کہ دنیا والے ہمارے اخلاق و کردار کی مثالیں دیں ، ہمارے لباس کی نقل اتاریں اور ہمارے دین و مذہب کو قدر کی نگاہوں سے دیکھیں۔
مزید پڑھیں:وہ جن کی دعائیں جلد قبول ہوتی ہیں!
و ضع میں تم ہو نصا ریٰ تو تمدن میں ہنود
یہ مسلماں ہیں جنہیں دیکھ کر شرمائیں یہود
خلاصہ یہ کہ اس آیت کی روشنی میں مسلمانو ں کی موجودہ پریشان حالی کے اسباب یہ ہیں کہ وہ لاشعوری اور غفلت کی زندگی گزار رہے ہیں جبکہ انھیں اس ذمہ داری کے ساتھ دنیا میں بھیجا گیا ہے کہ وہ اس معمورہ میں بسنے والے تمام افراد کے نفع و نقصان کی فکرکریں مگر وہ اپنی ذاتی زندگی میں گھر کر اپنی اس عظیم ذمہ داری کو بھول بیٹھے ۔
دوسرا سبب یہ ہے کہ مسلمان تعلیمی اور فنی میدان میں بہت پیچھے رہ گئے اور تعلیم کے بغیر کسی قوم کی کسی بھی میدان میں صحیح رہنمائی کرنا محض خواب وخیال ہے ۔
تیسرا سبب یہ ہے کہ دین سے ان کا رشتہ بہت کمزرو پڑچکا ہے چنانچہ دینی تعلیمات ، اسلامی طرز زندگی اور اسلامی اخلاق ان کی زندگی سے عنقا ہورہے ہیں ، وہ دیگر اقوام کی لادینی تہذیبوں میں فنا ہوگئے۔
لہٰذا مسلمانوں کو ان تینوں اسباب میں غور کرنا چاہیے اور ان تینوں کی طرف سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔ان شاء اللہ کامیابی و کامرانی ان کا مقدر ہوگی اور زمین کی سربراہی اور دیگر اقوام کی قیادت و سیادت انھیں حاصل ہوگی ۔وہ ایک قائد امت بن کر دوبارہ ابھر سکیں گے اور پوری دنیا انھیں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے گی۔ اللہ کا پاک ارشاد ہے: 
’’نہ آئندہ کے لئے ہمت ہارو اور نہ (موجودہ اور گزرے ہوئے تکلیف دہ حالات پر) غم کرو ، تم ہی سر بلند رہو گے شرط یہ ہے کہ تم ایمان پر قائم رہو۔‘‘ (آل عمران139)۔
عا لم  ہے  فقط مومن جا نبا ز کی میراث
مومن نہیں جو صاحب لولاک نہیں ہے
 
 

شیئر: