Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈونیشیا میں شہزادہ سلطان فلاحی مرکز کے تحت سالانہ بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات

 جکارتہ..... انڈونیشیا میں شہزادہ سطان بن عبدالعزیز فلاحی انجمن کے زیر انتظام سالانہ مقابلہ حسن قرات میں 10 برس کے 2 حفاظ بھی شریک ہیں ۔ دونوں بچے یتیم ہیں جنہوںنے مکمل قرآن کریم 6 ماہ میں حفظ کیا ۔ بچوں کے قاری ایکا متوکل نے سبق نیوز کو بتایا کہ محمد غزالی اور کامل رمضان نے 6 ماہ میں مکمل قرآن کریم حفظ کیا ۔ دونوں بچے یتیم ہیں ۔ حفظ قرآن کی ترغیب دینے کےلئے بچوں کو کہا کہ جنت میں انکے والد خوش ہونگے اور جب تم لوگ قرآن کریم حفظ کر لوگے تو تمہارے والد کے لئے صدقہ جاریہ ہو گا ۔ جنت میں جب اپنے والد سے ملاقات کرو گے تو کتنا اچھا لگے گا ۔ قاری کی یہ ترغیب بچوں کے ذہن میں اس طرح بیٹھی کہ انہوں نے اپنی پوری توجہ قرآن کریم حفظ کرنے کے لئے مبذول کر دی ۔ محمد غزالی کو 400 احادیث مبارکہ بھی حفظ ہیں جبکہ رمضان کو1000 حدیث مبارکہ پر عبور حاصل ہے ۔ قاری متوکل کا کہنا ہے کہ بچوں نے مکمل قرآن کریم 6 ماہ اور 15 دن میں حفظ کیا ۔ وہ روزانہ 5 سے 10 صفحات حفظ کرتے تھے ۔ حفظ کے بعد یومیہ 10 سپارے سناتے تھے ۔ حفاظ کے استاد کا کہنا تھا کہ بچوں کو قدرت نے غیر معمولی حافظہ عطاکیا ہے وہ آیات کے نمبر تک بتاتے ہیں کہ کون سی آیت کا نمبر کیا ہے جبکہ تجوید میں بھی انہیں غیر معمولی مہارت حاصل ہے ۔ شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلے میں تھائی لینڈ سے شرکت کرنےوالے 15 سالہ حافظ امیر کا کہنا ہے کہ اس نے 20 سپارے حفظ کئے ہیں اور وہ اس عالمی مقابلے میں شرکت کرنے آیا ہے ۔ نیوزی لینڈ سے شرکت کرنے والے محمد عمرو نے 12 برس میں نیوزی لینڈ کے شہر اوکلینڈ کی مرکزی جامع مسجد سے قرآن کریم حفظ کیا ۔ واضح رہے شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز مرکز برائے حفظ قرآن کریم اور سنت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے تحت مشرقی وسطی ، آسیان رکن ممالک اور دیگر ممالک میں مقیم حفاظ کے مابین سالانہ مقابلہ انڈونیشیا میں منعقد کیا جاتا ہے جس کے انتظامات شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز آل سعود مرکز اور انڈونیشی صدر کرتے ہیں ۔شہزادہ خالد بن سلطان عالمی مقابلہ حسن قرات میں شرکت کرنے کےلئے انڈونیشیا پہنچ گئے جو اس تقریب کے مہمان خصوصی ہیں ۔شہزادہ سلطان عالمی مسابقہ قرات امسال 17 ممالک کے 30 قراءشرکت کررہے ہیں ۔ مسابقے کا آغاز1428ھ میں ہوا تھا جس میں 160 حفاظ نے شرکت کی تھی ۔ عالمی مقابلہ مختلف مراحل پر مشتمل ہے جن میں مکمل حفظ کرنےوالے 20 سپاروں کے حفاظ ، 15 سپارے یاد کرنے والے اور 10 سپارے کے حفاظ کے مقابلے جدا جدا ہوتے ہیں ۔ مقابلے میں شریک ہر حافظ اور اسکے ساتھ آنے والے کو آنے جانے کا فضائی ٹکٹ ، رہائش اور کھانے کی سہولت کے علاوہ 200 ڈالر شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز مرکز برائے تحفیظ کی جانب سے فراہم کئے جاتے ہیں ۔ 

شیئر: