Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکسپو دبئی 2020 ملتوی کرنے کی سفارش

ایکسپو کا افتتاح ایک برس کے لیے ملتوی کرنے کی سفارش کی گئی ہے- (فوٹو سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات میں ایکسپو 2020 دبئی  آئندہ بر تک ملتوی کرنےکی سفارش کی گئی ہے۔
ایکسپو 2020 کے منتظمین کے مطابق نمائشوں کے بین الاقوامی ادارے نے ایک برس کے لیے ایکسپو 2020 کے افتتاح کو ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے-
اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق ایکسپو 2020 دبئی نے نئے کورونا وائرس کے تناظر میں ایکسپو میں شریک ممالک کے نمائندوں سےآن لائن دوسری میٹنگ کی ہے-
اس موقع پر شریک  ممالک کو دنیا بھر میں کورونا وائرس کے حوالے سےاختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بریف کیا گیا۔ ایکسپو 2020 دبئی کی تیاری میں شریک تمام لوگوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئے-

 کورونا وائرس کے تناظر میں ایکسپو میں شریک ممالک کے نمائندوں نےآن لائن میٹنگ کی ہے-(فوٹو سوشل میڈیا)

ایکسپو 2020 دبئی کے منتظمین نے اطمینان دلایا کہ متحدہ عرب امارات ایکسپو کے انتظامات کے سلسلے میں بین الاقوامی شرکائے کار کے شانہ بشانہ چلے گا- یہ بین الاقوامی پروگرام ہے- اسے بین الاقوامی تعاون اور یکجہتی کے جذبے سے ہی انجام دیا جائےگا-
نمائشوں کا بین الاقوامی ادارہ ایکسپو انٹرنیشنل کا ذمہ دار عالمی ادارہ ہے- اس ادارے نے قانون کے دائرے میں ایکسپو کا افتتاح ایک برس کے لیے ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے-
اس حوالے سے رکن ممالک اور ایکسپو 2020 دبئی کے منتظمین تاریخ کی تبدیلی کے لیے کام کریں گے- بین الاقوامی ادارے کی جنرل اسمبلی التوا کا  فیصلہ کرنے کی مجاز ہے۔

کورونا کے باعث پوری دنیا میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے(فوٹو سوشل میڈیا)

ایکسپو دبئی ادارے کی ڈائریکٹر جنرل اور عالمی تعاون امور کی وزیرمملکت ریم بنت ابراہیم الہاشمی نے اپنے بیان میں کہا کہ’ پوری دنیا میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے آئندہ ہفتوں کے دوران کیا کچھ ہوگا اس حوالے سے کوئی قیاس آرائی نہیں کی جاسکتی‘-
’نئے کورونا وائرس کےحوالے سے تمام متعلقہ فریقوں سےرابطے میں ہیں اور ان سے مشاورت بھی کرتے ہیں- بہت سارے ممبر ممالک ایکسپو دبئی میں شرکت کے لیے پرعزم ہیں تاہم کئی ممالک نئے کورونا سے متاثر ہیں اسی لیے انہوں نے ایک برس کے لیے افتتاح ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے‘-

شیئر: