Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی کنگز کی کپتانی عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کر رہے ہیں (فوٹو: اردو نیوز)
سنیچر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ 6 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ 
کراچی کنگز نے 122 رنز کا ہدف 14 اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے۔ کراچی کنگز کی جانب سے جو کلارک نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
 ان کی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ عثمان شنواری کی گیند پر اعظم خان نے ان کا کیچ لیا۔ اوپنر بابر اعظم 24 رنز بنانے کے بعد حسنین کی بال پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا۔ شرجیل خان صرف چار رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے دو جبکہ عثمان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس طرح کراچی کنگز کو میچ جیتنے کے لیے 122 رنز کا ہدف ملا۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جارحانہ بلے بازی کرنے والے کرس گیل نے 24 گیندوں پر سب سے زیادہ 39 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سرفراز احمد اور ٹام بینٹن نے اننگز کا آغاز کیا۔ ٹام بینٹن صرف پانچ رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 
اپنی ٹیم کی جانب سے اوپننگ کرنے والے کپتان سرفراز احمد بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف سات رنز بنانے کے بعد عامر یامین کی گیند پر وکٹ کیپر کلارک کو کیچ دے بیٹھے۔ اعظم خان 17 رنز بنانے کے بعد ہمت ہار بیٹھے اور کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بین کٹنگ 11 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، انہیں ارشد اقبال نے بولڈ کیا۔ صائم ایوب صرف 8 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔
قیس احمد 16 جبکہ محمد حسنین چار رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔
عثمان شنواری بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
کراچی کی جانب سے ارشد اقبال نے تین جبکہ وقاص مقصود نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وکٹ کیپر جو کلارک نے وکٹ کے پیچھے چار شکار کیے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ’ان کی ٹیم نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کیا اس لیے ہم کم ٹوٹل کا دفاع نہ کرسکے۔‘ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’ان کی ٹیم آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔‘

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے دو جبکہ عثمان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر کوئٹی گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
اتوار کو پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں دن دو بجے پشاور زلمی اور لاہور قلندرز مدمقابل ہوں گے جبکہ شام سات بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز میں مقابلہ ہوگا۔
پی ایس میں چھ فرنچائزز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ایونٹ میں کراچی کنگز اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہے۔
اس ایونٹ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 20 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دے رکھی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا میلہ جو آج سنیچر سے کراچی میں شروع ہو رہا ہے 22 مارچ تک کراچی اور لاہور میں جاری رہے گا۔

کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان سپر لیگ 6 میں ہر ٹیم 10 میچز کھیلے گی جبکہ مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کا پہلا مرحلہ 20 فروری سے سات مارچ تک کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 10 مارچ سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل کی چار بہترین ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: