Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب عالمی امن و سلامتی کے لیے کوشاں تھا اور رہے گا‘

سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان کی زیر صدارت ہوا ہے( فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عرب، مسلم اور دوست ممالک کے ان رہنماؤں کا دلی شکریہ ادا کیا جنہوں نے صحت و عافیت کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز زیر صدارت ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ دنوں متعدد قائدین کے ساتھ مذاکرات اور خطوط کے متن سے کابینہ کے ارکان کو آگاہ کیا اور بتایا کہ امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے نام مکتوب ارسال کیا اور برونڈی کے صدر کا مکتوب موصول ہوا ہے۔ 
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے امارات کے رہنما شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی وفات پرانتہائی دکھ کا اظہار کیا۔ 
سعودی کابینہ نے شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو برادرملک متحدہ عرب امارات کا سربراہ منتخب کیے جانے پر مبارکباد دی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ’ وہ سعودی عرب اورامارات اور دونوں برادر ممالک کے عوام کے درمیان اخوت و محبت کے رشتے مستحکم سے مستحکم تر بناتے رہیں گے۔ جی سی سی ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام کا مشن جاری رکھیں گے‘۔ 
کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’سعودی عرب عالمی امن و سلامتی کے استحکام کے لیے کوشاں تھا، ہے اور رہے گا۔ خطے اور اس کی اقوام کی صلاح و فلاح اور ترقی و استحکام کا مشن ماضی کی طرح جاری رکھیں گے‘۔
سعودی کابینہ نے دہشت گرد تنظیم داعش کے حوالے سے روایتی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے مراکش میں ہونے والےعالمی اتحاد کے وزارتی اجلاس کے موقف کی بھرپور حمایت کی۔ سعودی عرب، عراق کے استحکام اور اس کے ہر حصے پر ریاستی اقتدار اوراثر و نفوذ دیکھنا چاہتا ہے۔ شام کے آزاد شدہ علاقوں میں معاشی صورتحال اور پائدارامن وامان کا خواہشمند ہے۔
مملکت نے براعظم افریقہ میں داعش کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے افریقہ میں خصوصی گروپ کے قیام کا خیر مقدم کیا ہے۔ 
سعودی کابینہ نے 163 حوثی قیدیوں کی رہائی کو یمنی بحران کے خاتمے، یمن میں امن کے قیام اور جنگ بندی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے مشن کی تائید و حمایت کے ہم معنی قراردیا ہے۔ 
کابینہ نے اجلاس میں کہا کہ’ 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 9.6 فیصد کے لحاظ سے 9.6 فیصد شرح نمو اور مملکت کی مجموعی قومی پیداوار میں بہتری تسلی بخش ہے‘۔
اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے ہیں۔ وزیرسپورٹس کو پرتگال کے ساتھ کھیلوں کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا۔ سوڈان کے ساتھ جنرل معاہدے، سلطنت عمان کے ساتھ سٹینڈرڈ آرگنائزیشن کے معاملے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔
وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کو جنوبی افریقہ کے ساتھ مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور وزیر صنعت و معدنیات کو اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی اورعالمی تنظیم تجارت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار تفویض کیا۔ 
 مصر کے محکمہ جاتی کنٹرول بورڈ کے ساتھ بدعنوانی کے انسداد میں تعاون کی مفاہمتی یاداشت کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ 
 ڈاکٹر فہد تونسی کو سرکاری اداروں کی کارکردگی جانچنے والے قومی مرکز کی مجلس انتظامیہ کا چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شیئر: