Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یو اے ای کے کارتھک میاپن کی سری لنکا کے خلاف ہیٹ ٹرک

کارتھک میاپن کی ہیٹ ٹرک کے باوجود میچ میں سری لنکا نے یو اے ای کو 79 رنز سے شکست دی (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں یو اے ای کے لیگ سپنر کارتھک میاپن نے ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کر لی۔
منگل کے روز جیلونگ میں کھیلے گئے میچ میں کارتھک میاپن نے سری لنکا کے خلاف تین گیندوں پر لگا تار تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزا حاصل کیا، تاہم اس میچ سری لنکا نے یو اے ای کو 79 رنز سے شکست دے دی۔
سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم صرف 73 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے وانندو ہاسارنگا اور دشمنتھا چمیرا نے تین، تین جبکہ مہیش تھیشانا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ کی خاص بات سری لنکا کی اننگز کے 15 ویں اوور میں کارتھک میاپن کی جانب سے بھنوکا راجاپکشا، چاریتھ اسالانکا اور داسن شناکا کو لگاتار تین گیندوں پر آؤٹ کرنا تھا۔
کارتھک میاپن نے سری لنکا کے خلاف مجموعی طور پر چار اوورز میں 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
کارتھک میاپن کی سری لنکا کے خلاف ہیٹ ٹرک ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ کی پانچویں ہیٹ ٹرک ہے۔
اس سے پہلے 2007 میں آسٹریلوی فاسٹ بولر بریٹ لی نے بنگلہ دیش جبکہ 2021 میں آئرش بولر کرٹس کیمفر، سری لنکا کے وانندو ہاسارنگا اور جنوبی افریقہ کے کاگیسو راباڈا نے بالترتیب نیدرلینڈز، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کی۔
22 سالہ کارتھک میاپن انڈیا کے شہر چنئی سے تعلق رکھتے ہیں جو یو اے ای کے لیے 8 ون ڈے اور 12 ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے منگل کے روز جیلونگ میں ہی کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے میچ میں نیدرلینڈز نے نمیبیا کو 5 وکٹوں سے ہرایا جس کے بعد سری لنکا کے لیے یہ میچ ہر صورت میں جیتنا لازم تھا۔

شیئر: