Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خطے میں ترقی و خوشحالی‘ ابوظبی میں چھ عرب ملکوں کی سربراہ کانفرنس

خطے کو درپیش سیاسی، سلامتی و اقتصادی چیلنجوں کاجائزہ لیا گیا (فوٹو امارات الیوم)
  اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی دعوت پر ابوظبی میں بدھ کو چھ عرب ملکوں کی سربراہ کانفرنس کا انعقاد ہوا ہے۔
سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق، بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ، امیر قطر شیح تمیم بن حمد آل ثانی، اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کانفرنس میں شریک ہوئے۔
اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق عرب سربراہوں کے اجلاس کا عنوان ’خطے میں ترقی و خوشحالی‘ تھا۔ 
عرب رہنما مشترکہ جدوجہد، تعاون اورعلاقائی یکجہتی کے ذریعے خطے میں استحکام، خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے والے تمام شعبوں میں برادر ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے جمع ہوئے۔ 
عرب قائدین نے اس موقع پر برادرانہ تعلقات، تعاون کی مختلف جہتوں اور تمام شعبوں میں یکجہتی پر تبادلہ خیال کیا۔ 
باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی و بین الاقوامی مسائل و حالات، خطے کو درپیش سیاسی و سلامتی و اقتصادی چیلنجوں کاجائزہ لیا گیا۔
 چیلنجوں سے نمٹنے اورخطے کی تمام اقوام کی خوشحالی و استحکام سے مامور مستقبل کی تعمیر کے لیے مشترکہ عرب جدوجہد کے فروغ اور یکجہتی کی اہمیت کاجائزہ لیا۔ 
عرب رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ گہرے تاریخی تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ہم سب خطے ہی نہیں پوری دنیا میں ہونے والی مختلف تبدیلیوں کے بارے میں مسلسل مشاورت، رابطے اور یکجہتی چاہتے ہیں۔
 خطے کی خوشحالی و استحکام کے فروغ کے حوالے سے مشترکہ تصور پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ خوشحالی و ترقی و تعمیر کی خاطر رابطے ناگزیر ہیں۔
کانفرنس میں حسن ہمسائیگی، خودمختاری کے احترام اوراندرونی امور میں عدم مداخلت پر بھی زوردیا گیا۔ 
امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ٹویٹ کیا کہ’ مجھے اپنے بھائیوں، جی سی سی، مصر اور اردن کے رہنماوں کی ان کے دوسرے گھر متحدہ عرب امارات میں میزبانی کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے‘۔
ہم اپنےخطے کی مزید ترقی، خوشحالی اوراستحکام  کے حصول کےلیے تمام شعبوں میں اپنے تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کےلیے پرعزم ہیں۔

شیئر: