Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری اداروں میں آپریشن اینڈ مینٹیننس کنٹریکٹرز پر نئی پابندیاں

معاہدوں کی آن لائن منظوری ’قوی‘ پلیٹ فارم کے ذریعے ہوگی (فوٹو: سبق)
 سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے سرکاری اداروں میں آپریشن اور مینٹیننس سعودائزیشن انشیٹو کے معاہدوں کی آن لائن توثیق کی منظوری دی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق معاہدوں کی آن لائن منظوری ’قوی‘ پلیٹ فارم کے ذریعے ہوگی۔ 
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کا کہنا ہے کہ ’اس سہولت کا مقصد سرکاری اداروں میں آپریشن اورمینٹیننس معاہدوں کی سعودائزیشن کے حوالے سے ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھنا ہے‘۔
اس سے لیبر مارکیٹ میں سعودی نوجوانوں کی ملازمت کے مواقع بھی بڑھیں گے۔
وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ ’یہ فیصلہ  وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں سے ٹھیکے لینے والے تمام اداروں پر لاگو ہوگا‘۔
علاوہ ازیں ان اداروں پر بھی لاگو ہوگا جن میں کم از کم 51 فیصد حصص حکومت کی ملکیت میں ہوں۔ 
یہ فیصلہ آپریشن اور مینٹیننس کے معاہدوں، شہروں کی صفائی، سڑکوں کی اصلاح و مرمت و آپریشن کے معاہدوں، کیٹرنگ کے معاہدوں، انفارمینشن ٹیکنالوجی مینٹیننس کے معاہدوں پر لاگو ہوگا۔ 
وزارت افراد قوت کا کہنا ہے نئے فیصلے کے تحت سرکاری اداروں کے ساتھ آپریشن اینڈ مینٹیننس معاہدے کرنے والے  اداروں کو  اس حوالےسے اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کا بھی پابند بنایا گیا ہے۔ 
وزارت نے کہا کہ’ یہ رپورٹ قوی پلیٹ فارم پر جاری کرنا ہوگی‘۔ 
بیان میں کہا گیا کہ ’یہ فیصلہ تین مرحلوں میں نافذ ہوگا۔ اس میں اداروں کے حجم کو مدنظر رکھا گیا ہے‘۔
پہلا مرحلہ یکم دسمبر 2023 سے نافذ ہوگا اس میں بڑے ادارے شامل ہوں گے۔ دوسرا مرحلہ یکم جون 2024 سے اور تیسرا مرحلہ جو یکم دسمبر 2024 سے نافذ کیا جائے گا اس میں تمام ادارے شامل ہوں گے۔ 

شیئر: