Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے تیل پیداوار میں رضاکارانہ کمی میں ستمبر تک توسیع کردی

(فائل فوٹو: العربیہ نیٹ)
سعودی عرب نے تیل پیداوار میں رضاکارانہ کمی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی۔ ستمبر میں بھی رضاکارانہ کمی کے فیصلے پرعمل کیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے، العربیہ اور الاقتصادیہ کے مطابق وزارت توانائی کے عہدیدار نے کہا ہے کہ سعودی عرب ستمبر میں بھی تیل پیداوار میں رضاکارانہ کمی جاری رکھے گا۔ رضاکارانہ کمی کے فیصلے پر عمل درآمد جولائی میں شروع ہوا تھا۔
وزارت توانائی کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ رضاکارانہ کمی میں توسیع کی صورت میں ستمبر 2023 کے دوران سعودی عرب یومیہ تقریباً 90 لاکھ بیرل پیٹرول نکالے گا۔
وزارت توانائی کے عہدیدار کا مزید کہنا ہے کہ مملکت نے اپریل 2023 کے دوران تیل پیداوار میں جس رضاکارانہ کمی کا اعلان کیا تھا اس کا سلسلہ دسمبر 2024 کے آخر تک جاری رہے گا، کمی میں توسیع اس سے الگ ہے۔
وزارت توانائی کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ تیل پیداوار میں رضاکارانہ طور پر اضافی کمی کا فیصلہ تیل منڈی میں توازن و استحکام جاری رکھنے سے متعلق اوپیک پلس کی احتیاطی تدابیر کی مدد کے طور پر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب روسی نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے کہا ہے کہ روس نے ستمبر کے دوران تیل برآمدات میں رضاکارانہ کمی میں توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے، یومیہ تین لاکھ بیرل تیل کم برآمد کیا جائے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: