Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحیرہ احمر میں سیاحت کے فروغ کے لیے مناکو کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

دوسری مفاہمتی یادداشت مناکو یاٹ کلب کے ساتھ کی گئی ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی ریڈ سی اتھارٹی نے پرنس البرٹ 2 آف مناکو فاؤنڈیشن اور مناکو یاٹ کلب کے ساتھ بحیرہ احمر میں فروغ سیاحت کی مفاہمتی یادداشتوں پر جمعرات کو دستخط کردیے۔
اخبار  24 کے مطابق سعودی ریڈ سی اتھارٹی نے کہا ہے کہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط مناکو یاٹ کلب کے ہیڈکوارٹر میں سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کی موجودگی میں کیے گئے۔

اس کے تحت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں معلومات اور تجربات کا تبادلہ ہے۔ (فوٹو اخبار 24)

اتھارٹی کروز  اور یاٹ کی سرگرمیوں کو منظم کرنے، سمندری تفریحات اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔
سعودی اتھارٹی کا کہنا ہے  کہ وہ چاہتی ہے کہ وہ متعلقہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ سٹراٹیجک شراکت کا دائرہ وسیع کرے۔ اصل مقصد بحیرہ احمر میں ساحلی سیاحت کی حوصلہ افزائی ہے اس حوالے سے اعلی درجے  کے بین الاقوامی معیار روبعمل لائے جائیں گے۔
اتھارٹی نے کہا کہ  پہلی مفاہمتی یادداشت پرنس البرٹ ٹو فاؤنڈیشن کے ساتھ کی گئی ہے۔ اس کا مقصد افرادی قوت اور فیوچر لیڈر شپ کا فروغ ہے۔ اس کے ذریعے مشترکہ پروگراموں کے انعقاد میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں معلومات اور تجربات کا تبادلہ بھی شامل ہے۔
سعودی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دوسری مفاہمتی یادداشت مناکو یاٹ کلب کے ساتھ کی گئی ہے۔ اس کا مقصد فریقین کے درمیان مشترکہ پروگراموں کو منظم کرنا اور ماحولیاتی اقدامات کے سلسلے میں ایک دوسرے سے تعاون کرنا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی اتھارٹی کا ایک وفد وزارت سیاحت کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگوں میں شریک ہوا۔ فریقین نے اس دوران سٹراٹیجک شراکت کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا۔ مناکو ریاست کے وزیر مملکت کے ساتھ ملاقات ہوئی علاوہ ازیں مناکو بحریہ کے عہدیداروں اور یاٹ مینجمنٹ کے  لیے  ہل روبنسن کے  عہدیداروں سے بھی میٹنگ ہوئی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: