Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

40 برس کا ہونے پر مرد کے دماغ میں کونسی تبدیلیاں؟

دماغ کی ساخت اور حجم میں تبدیلیوں کو اومیگا تھری سپلیمنٹس سے روکا جا سکتا ہے۔ (فوٹو: فری پک)
جیسے جیسے مرد کی عمر بڑھتی ہے اس کی عادات و اطوار میں بھی عمر کے ساتھ ساتھ تبدیلیاں رونما ہونے لگتی ہیں۔ یہ درست نہیں کہ جو سوچ 20 برس کی عمر میں ہو وہ 30 یا 40 سال کا ہونے پر بھی ویسی ہی رہے۔
ہرعمر کے مختلف مراحل اورخصوصیات ہوتی ہیں اس لیے بڑھتی عمر کے ساتھ عادات میں تبدیلی ایک فطری امر ہے۔
جب انسان اپنے عروج یعنی مکمل شباب پر ہوتا ہے تو اس کی حالت قدرے مختلف ہوتی ہے، تاہم بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ اعصابی خلیے سکڑتے ہیں اور 40 تک پہنچنے کے بعد ہر 10 برس بعد انسانی دماغ کا حجم پانچ فیصد کم ہو جاتا ہے۔
اس صورت میں نیند میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔ ادھیڑ عمری میں ذہنی صلاحیتیں بھی کم ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
اس حوالے سے عربی میگزین ’سیدتی‘ میں ان طریقوں کو بیان کیا گیا ہے جن پر عمل کرتے ہوئے صحت مندانہ بڑھاپے سے لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔

دماغی ساخت اور اس کا عمل

دماغ اعصابی خلیوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہ خلیات ایک دوسرے کے ساتھ نیورو ٹرانسمیٹر کے طور پر رابطہ رکھتے ہیں اور ان کا عمل اور ردعمل بھی مخصوص ہوتا ہے۔

دماغ میں تبدیلیاں

دماغ کی ساخت میں مختلف تبدیلیاں ذہنی یا نفسیاتی تبدیلیوں سے قبل واقع ہوتی ہیں جو عمر کے ساتھ ساتھ وقوع پذیر ہوتی ہیں۔
اعصابی خلیات کی بتدریج موت یا سکڑنے کے نتیجے میں دماغ کا سائز اوراس کا وزن 40 برس کی عمر کے بعد کم ہونے لگتا ہے۔ یہ کمی 40 برس کی عمر کا ہونے کے ہر 10 برس بعد پانچ فیصد کے تناسب سے واقع ہوتی ہے۔
ایسا نہیں کہ رونما ہونے والی تبدیلیوں کو روکا نہ جا سکے بلکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ جس شرح سے دماغ کی ساخت اور حجم میں تبدیلیاں ہو رہی ہیں انہیں اومیگا تھری سپلیمنٹس لینے یا ان سے بھرپور غذائیں کھانے سے روکا یا اس کے تناسب کو کم کیا جا سکتا ہے۔
اومیگا تھری سے بھرپور غذا دماغ کی حالت کو بہتر رکھنے میں کافی معاون ثابت ہوتی ہے جس سے ان خلیات کی اصلاح بھی ہوتی ہے جو عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ مردہ ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔

اعصابی خلیات کی بتدریج موت یا سکڑنے کے نتیجے میں دماغ کا سائز اوراس کا وزن 40 برس کی عمر کے بعد کم ہونے لگتا ہے۔ (فوٹو: شٹر سٹاک)

40 برس کا ہونے پر مرد کے دماغ میں تبدیلی کیسے؟

40 برس کا ہونے کے بعد مرد کے دماغ میں ہونے والی تبدیلیوں پر مزید روشنی ڈالتے ہیں اور ان اسباب کو تلاش کرتے ہیں جو اس عمل کا سبب ہیں۔

1: پروسیسنگ کی رفتار کا کم ہونا

دماغ کے حسیاتی خلیات فوری طور سے ہمیں ردعمل دیتے ہیں جو ان تک پہنچتے ہیں یعنی صوتی، بصری یا لمس کے اثرات فوری طور پر مخصوص خلیات کے ذریعے دماغ کے اس حصے تک پہنچتے ہیں جو انہیں شناخت کرنے کے لیے مخصوص ہوتے ہیں۔
کسی بھی عمل پر دماغ کی جانب سے ردعمل بھی فوری طور پر ہوتا ہے جسے ’پروسیسنگ سپیڈ‘ کہا جاتا ہے۔ یہ ردعمل فطری طور پر عمر کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ کم ہونے لگتا ہے تاہم اس عمل کوبرقرار رکھنے کے لیے خصوصی سپلیمنٹس جن میں لیوٹین اور زیکسینتھین شامل ہیں، لی جا سکتی ہیں جس سے اس ردعمل کی رفتار یعنی ’پروسیسنگ سپیڈ‘ کی کمی کو دور کیا جا سکتا ہے۔

2: حافظے کی کمزوری

عام طور پر مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ مرد کے حافظے میں کمی 40 سال کا ہونے پر نہیں بلکہ 45 سے 49 کی عمر میں واقع ہونا شروع ہوتی ہے۔
دماغ کے مختلف حصوں میں حافظے یعنی میموری کی مختلف اقسام موجود ہیں جن میں سب سے نمایاں ’ہیپوکیمہس‘ ہے۔ اس حصے کے خلیے عمر کے ساتھ ختم ہونا شروع ہو جاتے ہیں جس سے یادداشت میں کمی واقع ہونے لگتی ہے تاہم یہ ایک قدرتی عمل ہے مگر بعض اوقات یہ کمی ’الزائمر‘ کی بیماری کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ نیند کے دورانیے میں بھی کمی واقع ہونے لگتی ہے۔ (فوٹو: شٹر سٹاک)

بڑھتی عمر کے ساتھ یادداشت کے خراب ہونے کی ایک وجہ ’ڈوپامائن‘ کی سطح میں کمی کا واقع ہونا بھی ہے۔ یہ ہر 10 برس بعد 10 فیصد کے تناسب سے کم ہونے لگتی ہے جس کا آغاز جوانی سے ہونے لگتا ہے۔
ڈوپامائن کی سطح کو مساج تھراپی کے ذریعے بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔ ڈوپامائن کی پیداوار میں 31 فیصد تک اضافہ کیا جانا ممکن ہے جو اومیگا تھری سے کیا جا سکتا ہے۔

3: کم خوابی

دماغ کی صحت کا گہرا تعلق نیند سے ہے۔ نیند کی کمی کی علامات صرف دن میں ہی سونے تک محدود نہیں بلکہ ان میں ذہنی دباؤ یا یاداشت کی کمزوری اور ارتکاز کی کمی بھی شامل ہے۔
بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ نیند کے دورانیے میں بھی کمی واقع ہونے لگتی ہے جس سے تکان اور ڈپریشن جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 
بے خوابی یا کم خوابی سے درمیانی عمر یعنی ادھیڑ عمر کے افراد متاثر ہوتے ہیں جس سے ان میں نفسیاتی دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
اس صورت میں زنک کا استعمال پُرسکون نیند کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔علاوہ ازیں اس صورت حال میں کسی ماہر معالج سے بھی رابطہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔

4: ٹیسٹوسٹیرون ہارمون میں تبدیلی

عام طورپر یہ دیکھا گیا ہے کہ مردوں میں ٹیسٹوسٹیرون کی کمی 30 سے 40 برس کی عمر سے شروع ہونے لگتی ہے جو ہر برس ایک سے دو فیصد تک ہوتی ہے تاہم اسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ درمیانی عمر کے مردوں پر کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ انہیں ٹیسٹوسٹیرون ہارمون کی کمی کی وجہ سے ڈپریشن اور تھکان کے علاوہ حافظے کی کمزوری بھی ہو سکتی ہے۔

مردوں میں ٹیسٹوسٹیرون کی کمی 30 سے 40 برس کی عمر سے شروع ہونے لگتی ہے۔ (فوٹو: فری پک)

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیسٹوسٹیرون کی کمی دور کرنے کے لیے کسی ماہر سے رجوع کیا جانا ضروری ہے۔
تاہم ٹیسٹوسٹیرون کے تناسب کو برقرار رکھنے کےلیے جسمانی ورزش اور وزن میں کمی کرنے کے ساتھ ساتھ مناسب اور اچھی نیند کا حصول ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ذہنی دباؤ سے بھی اجتناب کرنا اہم ہے۔

40 برس کی عمر کے بعد دماغی صحت کو بہتر کرنا

اس حوالے سے ماہرین کی جانب سے بعض نکات بیان کیے گئے ہیں جن پر 40 برس کی عمر میں پہنچنے کے بعد عمل کرنے سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
صحت مندانہ خوراک کی عادت کو اپنائیں جو 40 برس کے بعد زیادہ ضروری ہوجاتی ہے۔
جسم کو صحت مند رکھنے کے لیے ورزش کی عادت کو اپنایا جائے کیونکہ صحت مند دماغ کے لیے صحت مند جسم کا ہونا ضروری ہے۔
جسم میں خون کے بہاؤ اوردماغ کو مناسب مقدار میں آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ’کارڈیو‘ مشقیں ضرور کریں جو اعصابی خلیات کی تشکیل اور دماغ کے سائز کو برقرار رکھنے کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

شیئر: