Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی سری لنکا کو شکست، محمد شامی سجدہ کرتے رُک گئے؟

محمد شامی نے پانچ اوورز میں صرف 18 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 33 ویں میچ میں انڈیا نے سری لنکا کو 302 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔
ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جہاں انڈین بیٹرز نے بیٹنگ کے خوب جوہر دکھائے وہیں ٹیم انڈیا کے بولرز نے بھی بہتی گنگا میں جی بھر کر ہاتھ دھوئے۔
358 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 55 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
اس میچ میں انڈیا کی جانب سے فاسٹ بولر محمد شامی نے پانچ اوورز میں صرف 18 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا تاہم اپنی عمدہ پرفارمنس کے علاوہ دائیں ہاتھ کے پیسر سوشل میڈیا پر ایک اور وجہ کے باعث بھی موضوع بحث ہیں۔
ہوا کچھ یوں کہ محمد شامی نے جب سری لنکا کے نویں کھلاڑی کو آؤٹ کیا تو اس کے ساتھ انہوں نے اپنی پانچ وکٹیں بھی پوری کر لیں اور جب وہ پانچ وکٹیں پوری کرنے کے بعد جشن منانے لگے تو وہ سجدہ کرنے کی طرح جھکے اور پھر گھٹنوں پر بیٹھ گئے۔
پہلے یوں محسوس ہوا کہ جیسے محمد شامی سجدہ کرنے لگے ہوں کیونکہ وہ پہلے گھٹنوں پر گئے، پھر انہوں نے زمین پر ہاتھ رکھے لیکن پھر وہ زمین پر سجدہ کرنے کے بجائے وہیں گھٹنوں پر بیٹھ گئے تو اس سے اس بات کا اندازہ لگانا مشکل ہوگیا کہ وہ آیا سجدہ کرنے لگے تھے یا نہیں۔ 
محمد شامی کی جانب سے مبینہ طور پر سجدہ نہ کرنے پر سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث نے جنم لے لیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر صارفین اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ محمد شامی اپنی پانچویں وکٹ لینے کے بعد سجدہ کرنا چاہتے تھے تاہم انہوں نے انڈیا میں ہندو مذہب کی دائیں ہاتھ کی سیاسی جماعتوں اور اُن کے حامیوں کے خطرے کے باعث سجدہ نہیں کیا۔
اس بارے میں قاسم نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ بات تو طے ہے کہ شامی سجدہ کرنا چاہتے تھے لیکن انہوں نے جلدی اور اچانک سے سجدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ بہت بڑی بات ہے۔ سنہ 2021 میں جب پاکستان نے انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی تو انہیں اُن کے مذہب کی وجہ سے بے رحمی سے ٹرولنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اب مجھے یقین ہے کہ انہیں ٹیم مینیجمنٹ اس بات پر مجبور کرے گی کہ وہ سامنے آ کر اس بات کی تردید کریں کہ وہ سجدہ کرنے لگے تھے۔‘
 
عدیل ممتاز اس سلسلے میں لکھتے ہیں کہ ’محمد شامی سجدہ کرنے لگے تھے اور پھر انہوں نے سجدہ کرنے کا فیصلہ ترک دیا۔ ایسا کیوں؟‘
 
عمران صدیقی نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کیا کہ ’محمد شامی سجدہ کرنے کے لیے گھٹنوں پر بیٹھے لیکن فوراً سے رُک گئے۔ ایسا کیوں؟ کیا وہ کسی سے ڈر رہے تھے؟‘
 

 

شیئر: