Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گھر جلدی جانا چاہتا تھا‘، سکول میں فائرنگ کی جھوٹی اطلاع دینے والا طالب علم گرفتار

حکام کے مطابق ’911 کو کال موصول ہونے کے بعد سکول کی پُوری عمارت کو گھیرے میں لے لیا گیا‘ (فائل فوٹو: پیکسلز)
امریکہ کی ریاست فلوریڈا کی پولیس نے 911 کو سکول میں فائرنگ کی جھوٹی اطلاع دینے پر 11 سالہ لڑکے کو گرفتار کر لیا، معلوم ہوا کہ لڑکے نے یہ حرکت گھر جلدی جانے کے لیے کی۔
میریئن کاؤنٹی کے شیرف کے مطابق لڑکا جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا کے خلاف بڑے پیمانے پر فائرنگ کی جھوٹی اطلاع دینے، سکول میں افراتفری پھیلانے اور 911 کا غلط استعمال کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
یہ واقعہ منگل کی صبح 9 بج کر 40 منٹ پر میریئن کاؤنٹی کی ہوریزن اکیڈمی میں پیش آیا۔ اطلاع دینے والے نے اپنا تعارف 11 سالہ طالب علم کے طور پر کروایا۔
اس کال کے بعد 911 نے متعلقہ حکام کو سکول میں فائرنگ کے مبینہ واقعے سے آگاہ کیا۔
فاکس نیوز کے مطابق ’911 کو کال موصول ہونے کے بعد سکول کی پُوری عمارت کو گھیرے میں لے لیا گیا۔‘
تاہم سکول کی مکمل تلاشی لینے کے بعد کوئی ہتھیار برآمد ہوا اور نہ ہی کوئی فائرنگ کرنے والا شخص نظر آیا، خوش قسمتی سے کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع بھی سامنے نہیں آئی۔
فائرنگ کے مبینہ واقعے کے بعد سکول کی عمارت کو خالی کرا لیا گیا اور بعدازاں سٹاف اور طلبہ کو واپس کلاس رُومز میں بھجوا دیا گیا۔  
جب اس واقعے کی تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا کہ فائرنگ کی جھوٹی اطلاع دینے والا سکول کا ہی طالب علم تھا۔
ابتدائی طور پر لڑکے نے واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کی اور کہا کہ وہ اپنا فون اور بیگ سکول کے کلینک میں بھول گیا تھا۔
 تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ 11 سالہ طالب علم نے اپنے دوست کے فون کا استعمال کیا جو وہ غلطی سے وہاں چھوڑ گیا تھا اور اس کے ذریعے ہی فائرنگ کی غلط اطلاع دی گئی۔

شیرف کے مطابق ’جھوٹی اطلاع دینے والے لڑکے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: کاؤنٹی شیرف آفس ویب سائٹ)

911 کی آڈیو کے مطابق اطلاع دینے والے طالب علم کا کہنا تھا کہ ’مدد کرو‘، ’ایک شُوٹر سکول کے ہال کی جانب بڑھ رہا ہے۔‘
کال سننے والے نے دریافت کیا کہ ’کون سا سکول ہے؟‘
کال کرنے والے نے بتایا کہ ’میریئن اوکس۔‘
آپ کس عمارت میں ہیں؟ کال سننے والے نے پوچھا۔
بلڈنگ نمبر 2 میں، کال کرنے والے نے جواب دیا۔
پھر اس نے کہا کہ ’وہ آرہا ہے، وہ آرہا ہے۔‘
کاؤنٹی پولیس نے فاکس نیوز کو  بتایا کہ ’یہ سب ایک پرینک تھا۔‘
کاؤنٹی شیرف بِلی ووڈز نے بعدازاں ایک بیان میں کہا کہ ’اس طالب علم نے اپنے ساتھیوں، سٹاف اور والدین کو خوف میں مبتلا کیا، اور کس مقصد کے لیے؟ صرف اس لیے کہ آپ گھر جلدی جانا چاہتے تھے۔‘
پولیس نے جھوٹی اطلاع دینے والے طالب علم کو گرفتار کر کے مزید کارروائی کے لیے میریئن کاؤنٹی کی جیل میں منتقل کردیا گیا ہے۔

شیئر: