Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: اچھی صحت پر لیکچر کے دوران پروفیسر کی موت

پروفیسر کرندیکار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ پروفیسر خاندیکار 5 سال سے ہائی کولیسٹرول کا شکار تھے۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا میں اچھی صحت کے حوالے سے لیکچر دینے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر چل بسے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کانپور میں سٹوڈنٹ افیئرز کے ڈین سمیر خاندیکار اچھی صحت کے حوالے سے لیکچر دے رہے تھے۔
انسٹیٹیوٹ کے سابق طلبہ سے خطاب میں وہ انہیں اپنی صحت کا خیال رکھنے کا بتا رہے تھے کہ اچانک انہیں پسینہ آنا شروع ہو گیا اور وہ ڈائس پر گر گئے۔
آئی آئی ٹی کانپور کے ایک اور پروفیسر کرندیکار نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کو بتایا کہ ’پروفیسر خاندیکار 5 سال سے ہائی کولیسٹرول کا شکار تھے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ پروفیسر سمیر خاندیکار سٹوڈنٹ افیئرز کے ڈین اور مکینیکل انجینیئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ تھے۔
ایکس (ٹوئٹر) پر انہوں نے لکھا ’یہ نا قابل یقین ہے، پروفیسر خاندیکار کی اچانک موت نے افسردہ کر دیا۔ وہ پُرجوش اور پیارے ساتھی تھے اور اس مشکل وقت میں ہماری دعائیں ان کی فیملی کے ساتھ ہیں۔‘
کرندیکار نے کہا ہے کہ ’ پروفیسر سمیر خاندیکار کے اکلوتے بیٹے پروہ خاندیکار جو کیمبریج یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں ان کے واپس آنے پر ان کے والد کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
بیٹے کے کیمبریج یونیورسٹی سے واپس آنے تک پروفیسر سمیر خاندیکار کی میت کو آئی آئی ٹی کے ہیلتھ کیئر سینٹر میں رکھا جائے گا۔

شیئر: