Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سیونگ سسٹم میں رجسٹریشن کے لیے کارکنان کی تنخواہوں سے کٹوتی نہ کی جائے‘

ادارے کا کہنا ہے رجسٹریشن فیس کی ادائیگی آجر کے ذمہ ہے۔ (فوٹو: امارات الیوم)
امارات کے ادارے ہیومن ریسورسز اینڈ اماراتائزیشن کا کہنا ہے کہ کارکنوں کے واجبات کے حوالے سے اختیاری متبادل ’سیونگ سسٹم‘ میں رجسٹریشن کے لیے آجر کو تنخواہوں سے کٹوتی کرنے کا اختیار نہیں۔
ادارے کا کہنا ہے سسٹم میں رجسٹریشن فیس کی ادائیگی آجر کے ذمہ ہوتی ہے۔ 
امارات الیوم کے مطابق وزارت محنت نے بیان میں کہا کہ ’بچت سسٹم میں کارکن خود کو براہ راست رجسٹر کرانے کا اہل نہیں۔ یہ عمل ادارے یا کمپنی کے ذمہ ہوتا ہے کہ کارکنوں کا انتخاب کر کے انہیں سرمایہ کاری فنڈ کے بچت سسٹم میں رجسٹر کیا جائے۔‘
 رجسٹریشن فیس کے علاوہ ماہانہ زر اشتراک ادا کرنا بھی آجر کی ذمہ داری ہوتی ہے جو کارکن کے تجربے، اس کی مدت ملازمت اور ابتدائی تنخواہ کے حساب سے جمع کرایا جاتا ہے۔ 
اس نظام میں شرکت کرنے کے حوالے سے کارکنوں کی مختلف درجہ بندی کی گئی ہے۔
جن میں آزاد کام کرنے والے جن کے پاس اس کا باقاعدہ اجازت نامہ موجود ہو کے علاوہ سرکاری اداروں یا ان سے منسلک کمپنیوں میں کام کرنے والے غیرملکی، سرکاری اور نجی شعبے میں کام کرنے والے اماراتی شہری۔ 
متعلقہ ادارے کو یہ اختیار ہو گا کہ وہ کارکن کے لیے ماہانہ زر اشتراک کا تعین کرے جو اس کی ملازمت کے حساب سے کیا جائے گا نہ کہ سسٹم میں رجسٹریشن کی تاریخ سے۔ 
وزارت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کارکنوں کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فراہم کیا گیا اختیاری ’سیونگ سسٹم‘ کا مقصد کارکنوں کے واجبات کی ادائیگی کا تحفظ ہے۔ اگر آجر یا کمپنی دیوالیہ ہو جائے تو اس صورت میں کارکنوں کے واجبات محفوظ طریقے سے ادا کیے جاسکیں۔ 

شیئر: