Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوجوان ہارٹ اٹیک کے خطرے سے کیسے بچ سکتے ہیں؟

کم خوابی بلڈ پریشر اور ہارٹ اٹیک کے لیے دیگر خطرات کو بڑھا سکتی ہے۔ (فوٹو: فری پک)
حالیہ دنوں میں نوجوان ہارٹ اٹیک کا زیادہ شکار ہو رہے ہیں۔ اس کی وجوہات میں ناقص طرز زندگی سمیت دوسری چیزیں شامل ہیں۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی نے اپنی ایک رپورٹ میں وہ چیزیں بتائی ہیں جن کی وجہ سے نوجوان ہارٹ اٹیک سے بچ سکتے ہیں۔

1: صحت مند غذا کھائیں

اپنی غذا میں پھل، سبزیاں، اناج، پروٹین سے بھرپور خوراک اور صحت مند چکنائی شامل کریں۔ اس سے کولیسٹرول کی سطح اور ہارٹ اٹیک ہونے کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔
پروسیسڈ خوراک، میٹھے مشروبات اور زیادہ نمک کے استعمال سے گریز سے بھی خطرہ کم کیا جا سکتا ہے۔

2: ورزش کو معمول بنائیں

ورزش کے معمول سے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح اور مناسب وزن کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ تک ہلکی پھلکی ورزش کریں، مثال کے طور پر واک، سائیکلنگ یا تیراکی کی جا سکتی ہے۔

3: سگریٹ نوشی سے گریز اور الکوحل کا استعمال محدود کریں

سگریٹ نوشی اور الکوحل کا زیادہ استعمال ہارٹ اٹیک کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ سگریٹ نوشی کو چھوڑنے اور الکوحل کے استعمال کو کم کرنے سے دل کی صحت نمایاں طور پر بہتر ہو سکتی ہے۔

4: تناؤ پر قابو پائیں

تناؤ شدید ہو جائے تو بلڈ پریشر اور ہارٹ اٹیک کے حوالے سے دیگر خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ تناؤ کو کم کرنے کے لیے صحت مند طریقے اختیار کریں جیسا کہ مراقبہ، یوگا اور تھراپی ہارٹ اٹیک کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

ورزش کے معمول سے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح اور مناسب وزن کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ (فوٹو: فری پک)

5: باقاعدگی سے طبی معائنہ کروائیں

اپنے طبی معالج سے باقاعدگی سے معائنہ کروانے سے بلڈ پریشر، کولیسٹرول لیول اور ہارٹ اٹیک کے لیے خطرہ بننے والے دیگر عوامل کی نگرانی میں مدد حاصل ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر کے تجویز کردہ ٹیسٹ کروائیں جن سے ابتدا میں ہی ممکنہ خطرات کی شناخت کرنے میں مدد حاصل ہو گی۔

6: صحت مند وزن برقرار رکھیں

موٹاپا ہارٹ اٹیک کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ صحت مند خوراک اور ورزش صحت مند وزن کو برقرار رکھنے میں مددگار ہونے کے علاوہ خطرے کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

7: ذیابیطیس پر قابو پائیں

ذیابیطیس ہارٹ اٹیک کے تناظر میں ایک اہم خطرہ ہے۔ خوراک، ورزش اور ادویات (اگر تجویز کی گئی ہوں تو) سے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔

8: پوری نیند لیں

کم خوابی بلڈ پریشر اور ہارٹ اٹیک کے لیے دیگر خطرات کو بڑھا سکتی ہے۔ اس خطرے کو کم کرنے کے لیے روزانہ سات سے نو گھنٹے نیند لیں۔

اپنی غذا میں پھل، سبزیاں، اناج، پروٹین سے بھرپور خوراک اور صحت مند چکنائی شامل کریں۔ (فوٹو: فری پک)

9: پروسیسڈ اور ریڈ میٹ کا استعمال محدود کریں

پروسیسڈ اور ریڈ میٹ نقصان دہ چکنائی اور کولیسٹرول سے بھرپور ہو سکتا ہے جس سے ہارٹ اٹیک ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ پروٹین سے بھرپور غذائیں کھائیں جیسے پولٹری، مچھلی اور سبزیاں وغیرہ۔

10: دانتوں اور منہ کی صفائی کو معمول بنائیں

دانتوں اور منہ کی نامناسب صفائی کا امراض قلب سے براہ راست تعلق ہے، چنانچہ اپنے دانتوں اور مسوڑھوں کا خیال رکھ کر ہارٹ اٹیک کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔ دانتوں کی صفائی معمول بنائیں اور اپنے دانتوں کا معائنہ اور ان کو صاف رکھنے کے لیے دندان ساز کو چیک اپ کرواتے رہیں۔
متذکرہ بالا طریقوں سے بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے یہ اہم ہے کہ آپ اس حوالے سے ایک مربوط منصوبہ بنائیں اور ان سرگرمیوں کو اپنے روزمرہ کی روٹین میں شامل کریں۔ اس میں کھانے کی منصوبہ بندی اور تیاری، باقاعدگی سے ورزش کرنے کا شیڈول طے کرنا، سگریٹ نوشی چھوڑنا اور الکوحل کے استعمال کو کم کرنے کے لیے اہداف مقرر کرنے کے علاوہ بہتر نیند لینے کے لیے اہداف مقرر کریں۔

شیئر: