Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معروف جنوبی افریقی کرکٹ امپائر مرے اریسمس کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

مرے اریسمس نے اپنے طویل اور کامیاب کیریئر میں 80 ٹیسٹ، 124 ون ڈے اور 43 ٹی20 میچوں میں امپائرنگ کی (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے معروف کرکٹ امپائر مرے اریسمس نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
مرے اریسمس نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں امپائرنگ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
اس حوالے سے کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک بَز‘ سے بات کرتے ہوئے مرے اریسمس نے بتایا کہ انہوں نے امپائرنگ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ گزشتہ سال اکتوبر میں کر لیا تھا۔
مرے اریسمس نے کہا کہ ’میں امپائرز کو ملنے والی عزت اور سفر کو بہت مِس کروں گا لیکن میں نے کافی وقت گھر سے باہر گزارا ہے۔ میرے خیال سے میری اب زندگی (ریٹائرمنٹ کے بعد) بورنگ ہوگی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے گزشتہ سال اکتوبر میں فیصلہ کر لیا تھا اور آئی سی سی کو بتا دیا تھا کہ میں اپنا کنٹریکٹ اپریل میں ختم کر دوں گا اور میں ریٹائر ہو جاؤں گا۔‘
مرے اریسمس 2006 سے انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے طویل اور کامیاب کیریئر میں 80 ٹیسٹ، 124 ون ڈے اور 43 ٹی20 میچوں میں امپائرنگ کی۔
اس کے علاوہ وہ 131 انٹرنیشنل میچوں میں ٹی وی امپائرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ 18 ویمنز ٹی20 میچز میں بھی خدمات فراہم کر چکے ہیں۔
ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’میں کچھ ماہ کے لیے سردیوں کا موسم گھر پر ہی گزاروں گا۔ اس کے بعد اندورن ملک سفر کا ارادہ ہے اور ستمبر میں میں کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے ساتھ منسلک ہو جاؤں گا۔‘
خیال رہے کہ مرے اریسمس جنوبی افریقہ کی ٹیم بولینڈ کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ بھی کھیل چکے ہیں۔
سنہ 2010 میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کا حصہ بننے والے مرے اریسمس نے 2016، 2017 اور 2021 میں آئی سی سی امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

شیئر: