Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض اور مشرقی ریجن میں بارش بدھ کو بھی جاری رہنے کا امکان

الشرقیہ میں بارش کا سلسلہ دس گھنٹے سے زیادہ جاری رہا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ امارات اور عمان کی طرف سے آنے والے موسمی دباؤ کے اثرات بارش کی صورت میں ریاض اور الشرقیہ کے کچھ علاقوں میں پہنچ چکے ہیں۔
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے موسمیاتی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا بارش کا سلسلہ ریاض اور الشرقیہ میں بدھ کو بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
مملکت کے وسط اور مشرق میں اتوار سے شروع ہونے والی بارش اب شدت اختیار کر گئی ہے۔

دمام اور الخبر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی تھیں۔ (فوٹو سبق)

سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کی توقعات کے مطابق منگل کو مملکت کے مختلف علاقوں میں دن بھر گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں جبکہ ریاض، القصیم اور الشرقیہ میں بارش کا سلسلہ رہا۔
سبق ویب کے مطابق  الشرقیہ میں دمام اور الخبر شہر میں پیر سے شروع ہونے والی بارش دس گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی تھیں۔ الشرقیہ میونسپلٹی نے کئی سڑکیں اور انڈر پاس بند کرکے پانی کی نکاسی کے انتظامات تیز کردیے۔


الشرقیہ میونسپلٹی نے بارش کے باعث انڈر پاس بند کردیے۔ (فوٹو ایکس اکاؤنٹ الشرقیہ میونسپلٹی)

دمام شہر میں کچھ انڈر پاس جو بارش کے باعث بند کردیے گئے تھے بعدازاں انہیں ٹریفک کے لیے بحال کردیا گیا۔
یاد رہے کہ موسمیات کے  قومی مرکز نے گزشتہ روز مشرقی ریجن میں موسلا دھار بارش کی وارننگ دی تھی۔ شہریوں و غیرملکیوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: