Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نتیش کے قافلے پر ناراض دیہاتیوں کا پتھراؤ،متعددسیکیورٹی اہلکار زخمی

    پٹنہ- - - - - - - ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے قافلے پر جان لیوا حملہ ہوا ہے جس میں وہ بال بال بچ گئے لیکن ان کے متعدد سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں فوری علاج کیلئے ضلع اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ یہ حملہ ریاست کے ضلع بکسر کے نندر گاؤں میں اس وقت ہوا جب وزیراعلیٰ نتیش کمار علاقے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کی غرض سے دورہ کر رہے تھے۔
نندر گاؤں کے لوگوں نے ناراض ہو کر ان کے قافلے پر سنگباری شروع کر دی جس سے متعدد گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچا۔ وزیراعلیٰ کو پوری طرح سے حفاظت میں لے لیا گیا اور دوسری گاڑی میں بٹھا کر محفوظ مقام تک پہنچا دیا۔ پتھراؤ کی وجہ سے وزیراعلیٰ کو نندرگاؤں سے تقریباً 2کلو میٹر دور ہریانہ فارم میں ہونے والے ایک جلسہ میں جانے سے بھی روک دیا گیا۔ میڈیا کے مطابق جائزہ سفر پر نکلے وزیراعلیٰ کو کچھ لوگ دلت بستی لانے کی کوشش کر رہے تھے تا کہ نتیش کمار وہاں کی ترقی کو خود دیکھ سکیں۔
اسی بات پر تنازع ہو گیا اور تکرار بڑھتے ہوئے مقامی لوگ ناراض ہو گئے جس کے نتیجے میں جب قافلہ اس طرف سے گزرا تو لوگوں نے قافلے میں شامل گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ ایک دو پتھر وزیراعلیٰ کی کار پر بھی جا لگے۔ سیکیورٹی گارڈز نے فوراً ہی صورتحال کو قابو میں کرنے کیلئے کارروائی شروع کردی۔ گارڈز نے پتھراؤ کی پروا نہ کرتے ہوئے نتیش کمار کو پولیس افسر کی گاڑی میں منتقل کر دیا جس کی وجہ سے متعدد سیکیورٹی اہلکار پتھرلگنے کے باعث زخمی ہو گئے حالانکہ وزیراعلیٰ ضلع کے دوسرے گاؤں میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے پہنچ گئے لیکن ساتھ ہی پولیس کو حکم دیا کہ وہ نندر گاؤں میں امن قائم کرنے کی کوشش کریں اور پتھر پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ جب سے نتیش کمار نے آر جے ڈی کا ساتھ چھوڑ کر بی جے پی کی بیساکھیوں پر اپنی حکومت قائم کی ہے ریاست میں انکی مخالفت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے انہیں ایک ایسے ہی پروگرام کے دوران اساتذہ نے کالے جھنڈے دکھا دیئے تھے۔ ریاست کے سابق نائب وزیراعلیٰ و آر جے ڈی کے سینیئر لیڈر تیجسوی یادو نے الزام لگایا کہ نتیش کمار ترقی کا جائزہ نہیں بلکہ ووٹ جمع کرنے کیلئے سیاسی سفر کر رہے ہیں۔

شیئر: