Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی عازمین کی پہلی حج پرواز یکم ذوالقعدہ کو مدینہ منورہ پہنچے گی ، نوررحمان شیخ

جدہ حج ٹرمنل پر عازمین کی آمد 29جولائی سے ہو گی ، حج مشن کے زیر انتظام ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد عازمین، حج کرینگے ، قونصل جنرل ہند کی اردونیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) انڈین قونصل جنرل نور رحمان شیخ کا کہناہے کہ امسال ہندوستانی عازمین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 75 ہزارہو گی جن میں سے ایک لاکھ 28 ہزار 723 حج مشن کے تحت جبکہ باقی پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کی زیر نگرانی فریضہ حج ادا کریں گے ۔ ہندوستان سے پہلی حج پرواز یکم ذوالقعدہ کو دہلی سے مدینہ منورہ پہنچے گی جس کے ساتھ ہی حج سیزن کا آغاز ہو جائے گا ۔ جدہ حج ٹرمنل پر ہندوستانی عازمین کی آمد 29 جولائی سے ہو گی ۔ عازمین حج کے قیام کی سہولت کے بارے میں سوال پر قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ میں عازمین کے قیام کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ حج مشن کے اہلکاروں کو بھی ذمہ داریاں تفویض کی جاچکی ہیں ۔ امسال بھی حسب سابق ہندوستانی عازمین کو گرین اور العزیزیہ کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔گرین کیٹگری کے تحت آنے والے عازمین کی تعداد 15ہزار ہو گی جنہیں حرم شریف سے قریبی عمارتوں میں ٹہرایا جائے گا جبکہ حج مشن کے تحت فریضہ ادا کرنے والے باقی عازمین کی رہائش العزیزیہ کے علاقے میں رکھی گئی ہے ۔ ہندوستانی عازمین کے لئے مکہ مکرمہ میں 2 اسپتال جبکہ 12 ڈسپینسریاں قائم کی ہیں ۔ حج کمیٹی کے تحت طبی عملہ اورخدام الحجاج کا انتظام حسب سابق کیا گیا ہے ۔ مقامی افراد کی خدمات بھی حجاج کی رہنمائی کےلئے حاصل کی گئی ہیں علاوہ ازیں رضاکار بھی حجاج کرام کی خدمت کےلئے موجود ہوتے ہیں ۔ قونصل جنرل ہندنور رحمان شیخ نے کہا کہ فوڈ اسکیم کے تحت ہندوستانی عازمین کو صرف ایام حج میں ہی مشاعر مقدسہ میں 3 وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا ۔ قوانین کے مطابق العزیزیہ کے علاقے میں رہنے والے تمام عازمین کو شٹل بس سروس کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جس کے ذریعے عازمین مکہ مکرمہ میں قیام کے دوران نمازوں کی ادائیگی کے لئے حرم شریف آتے اور واپس اپنی رہائش پر جاتے ہیں ۔ ا مسال بھی العزیزیہ کے علاقے میں رہنے والے تمام عازمین کو شٹل بس سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی جس کے لئے بس کمپنی سے معاہدہ کیا گیا ہے ۔ بسوں کے روٹ کو مانیٹرکرنے اور عازمین کو درپیش مسائل کو حل کرنے کےلئے کمیٹیاں کام کرتی ہیں جن کے ذمہ عازمین کو انکی عمارتوں سے حرم شریف لے جانا اور واپس لانا ہو تا ہے ۔ 
 

شیئر: